اے پی ایس آر ٹی سی ملازمین کو 19فیصد عبوری راحت

چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کا اعلان ‘ وزیر ٹرانسپورٹ اچن نائیڈو کا بیان
حیدرآباد ۔ 15 جولائی ( سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے آندھراپردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ملازمین اور ورکرس کیلئے 19 فیصد عبوری راحت فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے خوشخبری دی ہے ۔ چیف منسٹر کے اس اعلان کی روشنی میں اے پی ایس آر ٹی سی کے زائد از 50ہزار ملازمین و ورکرس کو فائدہ ہوگا ۔ وزیر ٹرانسپورٹ آندھراپردیش مسٹر کے اچن نائیڈو نے یہ بات بتائی اور کہا کہ آر ٹی سی ملازمین کو 19 فیصد عبوری راحت کی فراہمی سے آندھراپردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن پر ماہانہ 249کروڑ روپیوں کا زائد مالی بوجھ عائد ہوگا ۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے پُرزور الفاظ میں کہاکہ حکومت آندھراپردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے خواہ کتنا ہی زائد مالی بوجھ عائد ہو برداشت کرنے کیلئے تیار ہے ۔ علاوہ ازیں اے پی ایس آر ٹی سی ملازمین کیلئے پے ریویژن کمیشن سفارشات پر عمل آوری کیلئے ایک علحدہ کمیٹی تشکیل دیئے جانے کا وزیر ٹرانسپورٹ نے اظہار کیا اور بتایا کہ اس کمیٹی کی رپورٹ کے وصول ہونے تک ملازمین کی فلاح و بہبود کو پیش نظر رکھتے ہوئے چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے عبوری راحت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔