اے پی اور تلنگانہ کے چیف منسٹروں کا اجلاس طلب کرنے مرکز کا فیصلہ

حیدرآباد۔3نومبر ( این ایس ایس ) تلنگانہ کے وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ نے کہا ہے کہ دریائے کرشنا کے پانی کی تقسیم پر پیدا شدہ تنازعہ کی یکسوئی کیلئے مرکزی وزیر توانائی پیوش گوئیل آندھراپردیش اور تلنگانہ کے چیف منسٹروں کا ایک اجلاس نئی دہلی میں طلب کریں گے ۔ مرکزی وزراء پیوش گوئیل اور اوما بھارتی سے ملاقات کے بعد ہریش راؤ نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ دریائے کرشنا کے پانی کی تقسیم کے معاملہ میں حکومت آندھراپردیش کی جانب سے ضابطوں کی خلاف ورزیوں کی مرکزی وزراء سے شکایت کی گئی ہے ۔ گوئیل نے کہا ہے کہ اس مسئلہ کا دوستانہ حل تلاش کرنے کیلئے دونوں ریاستوں کے چیف منسٹروں کا ایک اجلاس بہت جلد طلب کیا جائے گا ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ مرکزی وزیر آبی وسائل اوما بھارتی نے تلنگانہ کے ساتھ انصاف کرتے ہوئے اس ریاست کے کسانوں کیلئے برقی سربراہی کو یقینی بنانے کا تیقن دیا ہے ۔