اے پی اور تلنگانہ میں بارش کا امکان ذخائر آب کی سطح میں اضافہ

حیدرآباد 28 جولائی (یواین آئی ) ودربھ سے تلنگانہ اور آندھراپردیش کے ساتھ ساتھ جنوبی تملناڈو میں ہوا کے کم دباؤ کا علاقہ بنا ہوا ہے جس کے زیر اثر آئندہ 24گھنٹوں کے دوران تلنگانہ اور ساحلی آندھراپردیش کے تمام اضلاع میں شدید سے شدید ترین بارش ہوسکتی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے اپنے بلیٹن میں کہا ہے کہ اسی مدت کے دوران ساحلی آندھراپردیش ‘ تلنگانہ اور رائل سیما میں ہلکی تا اوسط بارش کا امکان ہے ۔ اسی دوران آندھراپردیش کے کڑپہ میں شدید بارش ہوئی جس سے عام زندگی متاثر ہوگئی ۔ کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے ۔آر ٹی سی گیریج کے علاوہ چنا چوک علاقہ اور دوسرے علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ۔ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے گاڑی سواروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ تلنگانہ میں گزشتہ ایک ہفتہ کی مانسون کی بارش سے مختلف ذخائر آب کی آبی سطح میں اضافہ ہوا ۔ ضلع عادل آباد کے کڈم پروجیکٹ میں 2700 کیوزک پانی کا بہاؤ دیکھا گیا ۔