حکمراں جماعتیں ذمہ دار‘ کانگریس کی اقتدار پر واپسی کے بعد ہی تلگو عوام سے انصاف یقینی :رگھوویرا ریڈی
حیدرآباد۔21مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) آندھراپردیش کانگریس کمیٹی کے صدر این رگھو ویرا ریڈی نے الزام عائد کیا کہ آندھراپردیش اور تلنگانہ میں برسر اقتدار جماعتیں ‘ ارکان اسمبلی کو بالکل اس طرح خرید رہے ہیں جیسا بازار میں مویشیوں کو خریدا جاتا ہے اور عوام کو صرف اس وقت ہی انصاف ملے گا جب ان دونوں تلگو ریاستوں میںکانگریس کو دوبارہ اقتدار حاصل ہوگا ۔ سابق وزیراعظم آنجہانی راجیو گاندھی کی 27ویں برسی کے موقع پر قومی سالمیت کمیٹی کا آج یہاں پرکاشم ہال میں ایک اجلاس منعقد کیا گیا ‘ جس کے بعد رگھوویرا ریڈی نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس ہی واحد جماعت ہے جو ملک بھر میں موثر حکمرانی کے ذریعہ عوام کی امنگوں کی تکمیل کرسکتی ہے اور تمام طبقات کے ساتھ انصاف کیا جاسکتا ہے ۔ ۔رگھوویرا ریڈی نے کہا کہ آنجہانی راجیو گاندھی کی دوراندیش پالیسیوں کے سبب ملک تیز رفتار ترقی کے راستہ پر گامزن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ راجیو گاندھی کی پالیسیوں کی بدولت ہمارا ملک آج چین سے کامیاب مسابقت کررہا ہے ‘‘ ۔رگھوویرا ریڈی نے ملک کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں کہا کہ غیر موثر حکمرانی کے سبب عوام میں مایوسی پیدا ہوگئی ہے اور وہ کاگنریس سے اپنی امیدیں وابستہ کررہے ہیں ۔ کانگریس لیڈر نے اس یقین کا اظہارکیا کہ 2019ء کے لوک سبھا اور دونوں تلگو ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں کانگریس عوام کی بھرپور تائید سے بھاری اکثریت کے ساتھ دوبارہ اقتدار پر واپس آئے گی ۔ رگھوویرا ریڈی نے کہا کہ مرکز میں کانگریس کے برسراقتدار آنے کے بعد ہی درجہ فہرست طبقات و قبائل کے تحفظات کو مزید موثر انداز میں روبہ عمل لایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کانگریس کارکنوں پر زور دیا کہ وہ انتخابات سے قبل عوامی رابطہ کو موثر بنائیں۔