اے پی انٹرمیڈیٹ سال دوم کے نتائج،72 فیصد امیدوار کامیاب

حیدرآباد ۔28 ۔ اپریل (سیاست نیوز) آندھراپردیش بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کی جانب سے گزشتہ ماہ مارچ کے دوران منعقدہ امتحانات انٹرمیڈیٹ سال دوم کے نتائج کا اعلان کیا گیا اور امتحانی نتیجہ کا اوسط (72.07) فیصد رہا، نتائج کی روشنی میں لڑکوں کے مقابلہ لڑکیوں کو سبقت حاصل رہی۔ لڑکیوں کے نتیجہ کا اوسط (74.80) فیصد اور لڑکوں کے نتیجہ کا اوسط (69.69) فیصد رہا۔ وزیر فروغ انسانی وسائل مسٹر جی سرینواس راؤ کے ضلع کلکٹریٹ کرنول میں اخباری نمائندوں سے بات چیت سے قبل نتائج امتحانات انٹرمیڈیٹ سال دوم کے نتائج جار کئے۔ اس موقع پر سیسوڈیہ پرنسپال سکریٹری محکمہ تعلیم ، ایم وی ستیہ نارائنا ، سکریٹری بو ڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن آندھراپردیش و دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔ وزیر فروغ انسانی وسائل نے کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلہ میں اس مرتبہ نتائج کے اوسط میں (1.19) فیصد کا اضافہ ہے جبکہ جاریہ تعلیمی سال انٹرمیڈیٹ سال دوم کے امتحانات میں جملہ (2,90.789) لاکھ طلبا و طالبات نے کامیابی حاصل کیں۔ مسٹر جی سرینواس راؤ نے کہا کہ اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات ، انٹرمیڈیٹ سال دوم کا 25 مئی سے انعقاد عمل میں آئے گا ۔ ان اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات کی فیس داخل کرنے کی آخری تار یخ 5 مئی مقرر ہے ۔