اے پی اسمبلی کی نئی عمارت کا افتتاح

حیدرآباد 2 مارچ ( یو این آئی) آندھراپردیش کی تاریخ میں ایک نئے باب کا آج آغاز ہوا ۔ ریاست کے نئے دارالحکومت امراوتی کے ویلگاپوڈی میں اسمبلی کی نئی عمارت کا وزیر اعلی چندرا بابو نے افتتاح کیا ۔ انہوں نے بعد ازاں اسمبلی میں ان کے دفتر ‘ لابی اور ایوان کا تفصیلی معائنہ کیا ۔ سکریٹریٹ کے احاطہ میں دو ایکڑ پر یہ عمارت تعمیر کی گئی ہے ۔ عصری سہولتوں کے ساتھ اس عمارت کو شاندار پیمانے پر تعمیر کیا گیا ہے ۔اسمبلی کی عمارت میں اسپیکر کے پوڈیم کو بھی عصری بنایا گیا ہے ۔ان کے پوڈیم پر انوکھا مائیک سسٹم لگایا گیا ہے جس میں ارکان کے خطاب کو ریکارڈ کرنے کی سہولت ہے ۔یہ ایک انوکھا سسٹم ہے ۔اسپیکر کے پوڈیم کو اونچا بنایا گیا ہے تاکہ ارکان کے احتجا ج کی صورت میں ان کی رسائی اسپیکر کے پوڈیم کے قریب تک نہ ہونے پائے ۔پوڈیم کو زمین سے سات فیٹ اونچا بنایاگیا ہے ۔ایوان کے لیڈر اور وزیراعلی کا چیمبر بھی اسمبلی کے حدود میں ہی واقع ہے جہاں سے وہ ایوان کی کاروائی میں شرکت آسانی سے کر سکتے ہیں۔اسپیکر کی نشست پر لگے مائیک کی طرح ارکان کے مائیک سسٹم کو بھی عصری بنایاگیا ہے ۔ان مائیک سسٹم میں بھی ریکارڈنگ کی سہولت رکھی گئی ہے ۔اسمبلی کی عمارت میں تین گیلریز رکھی گئی ہیں۔ پہلی گیلری میڈیا، دوسری وی آئی پیز اور تیسری گیلری عام لوگوں کے لئے ہے جو ایوان کی کاروائی کامشاہدہ کرسکتے ہیں۔ان گیلریز میں فولڈنگ کرسیاں بنائی گئی ہیں اور ان کو اس طرح تعمیر کیا گیا ہے جہاں سے ایوان کی کاروائی کو آسانی سے دیکھا جاسکتا ہے ۔