اے پی اسمبلی کا 18ڈسمبر سے حیدرآباد میں اجلاس

حیدرآباد۔یکم ڈسمبر ( این ایس ایس ) آندھراپردیش کے اسپیکر کوڈیلا سیوا پرساد راؤ نے آج کہا کہ ریاستی اسمبلی کا سرمائی اجلاس 18ڈسمبر سے شروع ہوگا۔ اسپیکر نے تروملا میں لارڈ وینکٹیشورا کے درشن کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مجوزہ اجلاس قبل ازیں طئے شدہ منصوبہ کے مطابق گنٹور میں ناگر جنایونیورسٹی کے بجائے حیدرآباد میں ہی منعقد ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ ’’ گوکہ ہم نے گنٹور میں اسمبلی اجلاس منعقد کرنے کے بارے میں سوچا تھا لیکن بعد میں حکومت نے مقام تبدیل کرتے ہوئے حیدرآباد میں ہی یہ اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ۔ ڈاکٹر کوڈیلا سیوا پرساد نے کہا کہ حکومت آندھراپردیش نے تمام متعلقہ افسران کو مجوزۃ اسمبلی اجلاس کے انعقاد کیلئے تمام ضروری انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے ۔چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے حیدرآباد میں حفاظتی انتظامات اور دیگر مسائل بالخصوص حیدرآباد پولیس کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسمبلی اجلاس گنٹور میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔