اسپیکر اسمبلی ڈاکٹر کے سیوا پرساد راؤ کا بیان
حیدرآباد /31 جنوری ( سیاست نیوز ) آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی میں درکار ملازمین کیلئے چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے مشاورت کے بعد تقررات عمل میں لائے جائیں گے ۔ جبکہ اسمبلی میں ملازمین و عہدیداروں کی جانب سے کافی مشکلات پیش آرہی ہیں ۔ اسپیکر اسمبلی ڈاکٹر کے سیوا پرساد راؤ نے یہ بات کہی اور بتایا کہ اسمبلی میں درکار 500 اسٹاف کی تعداد کے منجملہ فی الوقت صرف 100 اسٹاف ہی ہے ۔ موجودہ اسمبلی اسٹاف پر کام کا زبردست بوجھ پڑ رہا ہے ۔ آج آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اسپیکر اسمبلی آندھراپردیش ڈاکٹر کے سیوا پرساد راؤ نے بتایا کہ ریاست آندھراپردیش کی تقسیم کے نتیجہ میں اسمبلی میں اسٹاف کی کافی کمی پائی جارہی ہے ۔ لہذا اس سلسلہ میں بہت جلد چیف منسٹر سے بات چیت کے بعد تقررات کے سلسلہ میں اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اسمبلی کی موجودہ عمارت پر مزید دو منزلہ تعمیر کے توسیعی کام بھی بہت جلد انجام دئے جائیں گے ۔ ڈاکٹر کے سیوا پرساد راؤ نے مزید بتایا کہ تانا روڈ ہیلت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام کینسر پر بیداری پیدا کرنے کیلئے 4 فروری کو 5 کے رن منظم کیا جائے گا ۔