اے پی آر ٹی سی انتظامیہ کے خلاف ایمپلائز یونین کی ہڑتال نوٹس

حیدرآباد ۔ 4 مئی (سیاست نیوز) آندھراپردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ایمپلائز یونینوں کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے اے پی ایس آر ٹی سی انتظامیہ کے جانبدارانہ و یکطرفہ اور آمرانہ نوعیت کے فیصلوں کے خلاف غیرمعینہ مدت کی ہڑتال شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں آر ٹی سی ملازمین کے منصفانہ حقوق و مختلف مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کے مطالبہ پر 9 مئی کو باقاعدہ طور پر آندھراپردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ملازمین یونینوں پر مشتمل جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے اے پی ایس آر ٹی سی انتظامیہ کو ’’ہڑتال کی نوٹس‘‘ پیش کرنے کا اعلان کیا۔ مسرس وائی وی راؤ اور پی دامودھر ریڈی قائدین اے ایس آر ٹی سی ملازمین یونین کمیٹی نے یہ بات بتائی اور کہا کہ 5 فبروری 2019ء کو وزیرٹرانسپورٹ مسٹر کے اچن نائیڈو، نائب صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر آندھراپردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کاپوریشن مسٹر سریندر بابو اور صدرنشین اے پی ایس آر ٹی سی مسٹر وی رامیا کے ساتھ ملازمین کو درپیش مسائل پر بات چیت کی تھی لیکن اب تک ان مسائل کی یکسوئی کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔ ان قائدین نے بتایا کہ آر ٹی سی ملازمین کو عارضی طور پر 25 فیصد فٹمنٹ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ پہلی قسط کے طور پر 40 فیصد بقایا جات کی اجرائی عمل میں لانے کا تحریری معاہدہ طئے پایا تھا لیکن اس کے باوجود بقایا جات کو ابھی تک جاری نہ کرتے ہوئے آندھراپردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن دوہرا معیار اختیار کررہا ہے۔