اے سی بی ڈائریکٹر اے کے خاں کی چیف منسٹر سے ملاقات

حیدرآباد۔/4جون،( سیاست نیوز) تلنگانہ اینٹی کرپشن بیورو کے ڈائرکٹر جنرل اے کے خاں نے آج چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے کیمپ آفس میں ملاقات کی۔ بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے نوٹ برائے ووٹ اسکام کی تازہ ترین صورتحال سے چیف منسٹر کو واقف کرایا۔ اس سلسلہ میں تلگودیشم کے رکن اسمبلی ریونت ریڈی کو اینٹی کرپشن بیورو نے ایک
خفیہ کارروائی کے ذریعہ گرفتار کیا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق اے کے خاں نے چیف منسٹر کو تحقیقات کے تازہ ترین انکشافات اور اینٹی کرپشن بیورو کی جانب سے مزید کی جارہی تحقیقاتی کارروائی سے آگاہ کیا۔ اے سی بی اس بات کی کوشش کررہی ہے کہ ریونت ریڈی کو اپنی تحویل میں حاصل کرتے ہوئے ان سے پوچھ تاچھ کرے۔ اس سلسلہ میں اے سی بی کی جانب سے اینٹی کرپشن بیورو کی خصوصی عدالت میں درخواست داخل کی گئی ہے۔ ریونت ریڈی کی گرفتاری اور انہیں تحویل میں لینے کی درخواست کے پس منظر میں اے کے خاں کی چیف منسٹر سے ملاقات کافی اہمیت کی حامل ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے اینٹی کرپشن بیورو کی خفیہ کارروائی پر اے کے خاں کی بھرپور ستائش کی۔ نوٹ برائے ووٹ اسکام میں چیف منسٹر کے کٹر مخالف سمجھے جانے والے ریونت ریڈی کی گرفتاری پر حکومت اور برسر اقتدار پارٹی کے حلقوں میں مسرت کی لہر پائی جاتی ہے۔