خصوصی ٹیموں کی تشکیل، ابتدائی تحقیقات کا آغاز، خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی ممکن
حیدرآباد ۔19 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ کے میڈیکل کالجس میں اسپورٹس کوٹہ کے تحت نشستوں پر داخلہ کے حصول کیلئے بعض فرضی و جعلی اسپورٹس سرٹیفکیٹس پیش کرکے داخلہ حاصل کرنے کے بعض واقعات کی مکمل تحقیقات کرنے کیلئے اینٹی کرپشن بیورو تلنگانہ عملی طور پر میدان میں اتر چکی ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہیکہ گذشتہ چند دن قبل ازخود چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے انہیں موصولہ بعض شکایات پر تحقیقات کروانے کا فیصلہ کیا تھا اور چیف منسٹر کی ہدایت پر ہی فرضی اسپورٹس سرٹیفکیٹس پیش کرکے میڈیکل کورسیس میں داخلہ حاصل کرنے کے واقعات کی مکمل تفصیلی جانچ کی ذمہ داری اینٹی کرپشن بیورو تلنگانہ کے تفویض کی گئی ہے۔ اینٹی کرپشن بیورو کی تشکیل دی گئی، ٹیمیں اپنی ابتدائی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ چیف منسٹر کی ہدایت پر ہی متعلقہ عہدیداران چیف منسٹر آفس نے جعلی سرٹیفکیٹس کے ذریعہ میڈیکل کورسیس میں داخلہ حاصل کرنے سے متعلق مکمل تفصیلات پر مبنی فائل کو اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں کے حوالہ کردیا۔ بتایا جاتا ہیکہ اینٹی کرپشن بیورو ابتدائی تحقیقات کے فوری بعد آئندہ دو تین دن میں کیسیس رجسٹر کرکے مکمل وتفصیلی تحقیقات کا آغاز کرے گی۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ ایم بی بی ایس کورس میں داخلہ حاصل کرنے کیلئے اسپورٹس کوٹہ کا بیجا استعمال کرنے سے متعلق بعض تحریری شکایتیں چیف منسٹر کو وصول ہوئی تھیں اور سال 2017-18ء کے تعلیمی سال میں اسپورٹس کوٹہ کے تحت نشستیں پُر کرنے کے معاملہ میں بعض مبینہ طور پر بے قاعدگیوں کے واقعات پیش آنے کی اطلاعات بعض اخبارات میں بھی شائع ہوئی تھیں جس کی روشنی میں غلط و جعلی سرٹیفکیٹس پیش کرکے اسپورٹس کوٹہ کے تحت نشست حاصل کرنے والے اور انہیں اس طرح کا داخلہ حاصل کرنے میں تعاون کرنے والے افراد کی تفصیلات کا بہت جلد انکشاف کیا جائے گا بلکہ ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کیلئے حالات بھی سازگار ہوچکے ہیں۔