حیدرآباد۔/24جون، ( سیاست نیوز) تلگودیشم پارٹی جنرل سکریٹری و سابق وزیر متحدہ آندھرا پردیش مسٹر اے رام نارائن ریڈی جنہوں نے پارٹی میں انہیں نظر انداز کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے اپنی ناراضگی کا اظہار کرکے وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شامل ہونے کا اشارہ دیا تھا، چیف منسٹر آندھرا پردیش کی ایماء پر وزیر فروغ انسانی وسائل مسٹر جی سرینواس راؤ نے آج مسٹر اے رام نارائن ریڈی سے ملاقات کرکے وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شامل ہونے کے اپنے ارادہ کو ترک کرنے اور پارٹی میں ہی برقرار رہنے کی ترغیب دے کر انہیں بہر صورت ’ رجھانے ‘ کی کوشش کی۔ سرینواس راؤ کی اچانک اے رام نارائن ریڈی سے ملاقات کو سیاسی حلقوں میں کافی اہمیت دی جارہی ہے۔ رام نارائن کی قیامگاہ پہنچ کر ملاقات کرنے اور کافی وقت تک بات چیت کرنے کی اطلاعات ہیں۔ تاہم مسٹر رام نارائن ریڈی نے وزیر کی اچانک آمد اور ان سے ملاقات کرنے کو یہ کہتے ہوئے ٹال دیا کہ محض قدیم دوستانہ و تعلقات کی روشنی میں اپنے بھائی اے ویویکانندا ریڈی کی موت پر ان سے ملاقات کرکے اظہار تعزیت کرنے کیلئے آئے تھے۔ ضلع نیلور کے بعض اہم قائدین کو مدعو کرکے تلگودیشم پارٹی سے علحدگی اختیار کرنے اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شامل ہونے سے متعلق صلاح و مشورہ کرنے میں مصروف دکھائی دے رہے ہیں۔