اے رام نارائن ریڈی اور ویویکا نند ریڈی کی تلگودیشم میں شمولیت کا نارا لوکیش پر انحصار

چیف منسٹر آندھرا پردیش و صدر تلگودیشم این چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کے بعد افواہوں میں اضافہ
حیدرآباد /21 اگست (سیاست نیوز) ضلع نیلور سے تعلق رکھنے والے کانگریس کے سابق ریاستی وزیر اے رام نارائن ریڈی اور ان کے بھائی سابق رکن اسمبلی اے ویویکا نند ریڈی کی تلگودیشم میں شمولیت کی افواہیں گرم ہیں۔ اے رام نارائن ریڈی، چیف منسٹر آندھرا پردیش و صدر تلگودیشم کی تعریف کر رہے ہیں، جب کہ ان کے بھائی ویویکا نند ریڈی نے لیک ویو گیسٹ ہاؤس پہنچ کر چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کرتے ہوئے اپنے بھائی کے ساتھ تلگودیشم میں شمولیت کی خواہش ظاہر کی۔ ذرائع کے بموجب چندرا بابو نائیڈو نے ان دونوں بھائیوں کی تلگودیشم میں شمولیت کا فیصلہ اپنے فرزند نارا لوکیش پر چھوڑ دیا ہے۔ واضح رہے کہ کوئی عہدہ نہ رکھنے کے باوجود نارا لوکیش کی اہمیت پارٹی میں کافی بڑھ گئی ہے اور ہر فیصلہ میں ان سے رائے طلب کی جا رہی ہے۔ فی الوقت وہ دونوں بھائیوں کی شمولیت کا جائزہ لے رہے ہیں اور پارٹی میں شامل ہونے پر پارٹی کے مثبت و منفی پہلوؤں پر غور کیا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں ضلع نیلور کے تلگودیشم قائدین سے بھی مشاورت جاری ہے۔ ذرائع کے بموجب بشمول وائی ایس آر کانگریس آندھرا پردیش کے چند قائدین تلگودیشم سے رابطہ بنائے ہوئے ہیں، تاہم نارا لوکیش ان تمام قائدین کی شمولیت کا جائزہ لینے کے بعد جب ہری جھنڈی دکھائیں گے تو صدر تلگودیشم قطعی فیصلہ کریں گے۔