اے راجا اور کنیموڑی کیخلاف 21 ڈسمبر کو فیصلہ

نئی دہلی۔ 5 ڈسمبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) 2 جی اسکام میں مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی خصوصی عدالت 21 دسمبر کو فیصلہ سنائے گی۔اس معاملہ میں سابق وزیر مواصلات اے راجا اور دراوڑ منیتر کازگم (ڈی ایم کے ) کے ممبر پارلیمنٹ کنیموڑی سمیت کئی نامی گرامی صنعت کار ملزم ہیں۔شکایت کنندہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر سبرامنیم سوامی نے آج یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ عدالت نے معاملہ کی مختصر سماعت کے بعد فیصلہ سنایا کہ وہ اس معاملہ میں 21 ڈسمبر کو صبح ساڑھے دس بجے قطعی فیصلہ سنائے گی۔عدالت نے تمام ملزمان کو 21 دسمبر کو حاضر عدالت ہونے کی ہدایت دی ہے ۔ عدالت تین مقدمات میں فیصلہ سنائے گی جس میں دو معاملے سی بی آئی کے ہیں اور ایک انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) کا ہے۔سی بی آئی کے گزشتہ کیس میں اے راجا اور کنیموڑی سمیت ٹیلی کمیونیکیشن کے سابق سکریٹری سدھارتھ بیہورا اور راجا کے سابق پرائیویٹ سکریٹری بھی اس معاملے میں ملزم ہیں۔ ان کے ساتھ ’سوان ٹیلی کام‘ کے پرموٹرز، یونی ٹیک کے منیجنگ ڈائرکٹر، ریلائنس انیل دھیرو بھائی امبانی گروپ کے تین سینئر افسر اور ’کلیگنار ٹی وی‘ کے ڈائرکٹرز پر بھی گھوٹالے میں شامل ہیں ۔ سی بی آئی نے الزام لگایا تھا کہ 122 لائسنس کے الاٹمنٹ سے30,984 کروڑ روپے کا نقصان ہوا تھا جسے 2 فروری 2012 ء کو سپریم کورٹ نے منسوخ کر دیا تھا۔