نئی دہلی۔ 23 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ، جرمنی، اسرائیل اور فلسطین کے بشمول 40 سے زائد ممالک کے عوام کو عنقریب ای۔ ویزا سہولت فراہم رہے گی۔ اس کا طویل عرصہ سے انتظار کیا جارہا ہے۔ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اور وزیر سیاحت مہیش شرما 27 نومبر کو 43 ممالک کیلئے الیکٹرانک ویزا سہولت کا آغاز کریں گے۔ وزارت سیاحت کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں روس، برازیل، جرمنی، تھائی لینڈ، یو اے ای، یوکرین، اُردن، ناروے اور ماریشیس کے بشمول دیگر ممالک کے لئے ای۔ ویزا سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ انڈین اسوسی ایشن آف ٹور آپریٹرس کے صدر سبھاش گوئل نے کہا کہ سیاحتی شعبہ کے لئے یہ تاریخی لمحہ ہوگا۔ ہم طویل عرصہ سے اس سہولت کا مطالبہ کرتے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ای۔ ویزا سسٹم کے نتیجہ میں سیاحتی شعبہ کو کافی فروغ حاصل ہوگا۔ عہدیدار نے بتایا کہ میکسیکو، کینیا اور فیجی کو بھی ای۔ ویزا سہولت کی فراہمی پر غور کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام انتظامات بشمول اس نئے سسٹم کیلئے سافٹ ویر تیار ہیں اور یہ 9 انٹرنیشنل ایرپورٹس دہلی، ممبئی، چینائی، کولکتہ، حیدرآباد، بنگلورو، کوچی، تیرواننتاپورم اور گوا میں کارکرد ہوں گے۔ ای۔ ویزا کے حصول کے لئے کوئی بھی شخص نامزد ویب سائیٹ پر مطلوبہ فیس کے ساتھ درخواست دے سکتا ہے۔ اسے اندرون 96 گھنٹے الیکٹرانک ویزا مل جائے گا۔ حکومت کے فیصلے کے مطابق چند ممالک کے ماسواء تمام کو آئندہ دو سال میں ای۔ ویزا کے دائرہ کار میں شامل کیا جائے گا۔ عہدیدار کے مطابق چند ممالک جنہیں یہ سہولت نہیں دی جاسکتی ان میں پاکستان، سوڈان ، افغانستان، ایران، عراق، نائجیریا، سری لنکا اور صومالیہ ہیں۔ ای۔ ویزا کے نتیجہ میں بیرونی سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہونے کی توقع ہے۔