ای کامرس : غیر قانونی تجارت کی تحقیقات ہوگی:سریش پر بھو

نئی دہلی۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر تجارت و صنعت سریش پربھو نے قومی گھریلو کاروبار پالیسی کا بھروستہ دلاتے ہوئے کہا ہے کہ ای- کامرس میں کاروبار ی سرگرمیوں کا بغور جائزہ لیا جائے گا۔ آل انڈیا مرچنٹ فیڈریشن نے آج یہاں بتایا کہ تاجروں کے ایک وفد نے مرکزی وزیر تجارت و صنعت سے ملاقات کی اور ای- کامرس کے کاروبار میں راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کی پالیسی کی خلاف ورزیوں سے انہیں مطلع کیا ۔ فیڈریشن نے کہا ہے کہ ای- کامرس کمپنیاں حکومت کی ایف ڈی آئی پالیسی کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے براہ راست صارفین کو سامان فروخت کر رہی ہیں، جبکہ یہ کمپنیاں صرف ‘بزنس ٹو بزنس’ ہی کاروبار کر سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ یہ کمپنیاں اپنے پورٹل پر بڑی رعاتیں دیتی ہیں اور دیگر منصوبوں کے ذریعے مصنوعات کی قیمت میں تبدیلی بھی کرتی ہیں۔ فیڈریشن کے مطابق مرکزی وزیر نے کہا کہ قومی گھریلو کاروبار کے بارے میں ایک پالیسی بنائی جائے گی جس میں خوردہ کاروبار، ای – کامرس اور براہ راست فروخت جیسی تمام چیزوں کو شامل کیا جائے گا۔ مسٹر پربھو نے تاجروں کے موقف کو سنجیدگی سے سنا اور واضح الفاظ میں کہا کہ ملک کے خوردہ کاروبار میں کسی کو بھی غیر مناسب طریقے اپنانے نہیں دیا جائے گا اور اس معاملے کی جانچ کی جائے گی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے جلد ہی ایک میٹنگ بلائی جائے گی۔