ای ڈی کی جانب سے بیرونی زرمبادلہ کیس میں راحت فتح علی خان کو نوٹس

نئی دہلی ۔ 30 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) حکام کے مطابق انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان کے خلاف بیرونی زرمبادلہ کیس میں شوکاز نوٹس جاری کی ۔ دو کروڑ روپئے کے فوریکس فنڈز کی منتقلی کا کیس حالیہ عرصہ میں مکمل ہوچکا ہے ۔ چنانچہ ای ڈی نے فارن ایکسچینج مینجمنٹ ایکٹ (FEMA) کے تحت اُن کو شوکاز نوٹس جاری کی ۔ مسٹر خان جو پاکستان اور ہندوستان دونوں ملکوں میں مقبول ہیں ، اس نوٹس کے جواب کیلئے 45یوم کا وقت دیا ہے ۔ یہ واقعہ کا تعلق 2011ء سے ہے جس میں ریونیو انٹلیجنس نے راحت فتح علی خان اور ان کے منیجر معروف علی خان کو اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے غیرقانونی طور پر 1.24 کروڑ امریکی ڈالر اور دوسری خارجی کرنسی کو ضبط کرلیا تھا ۔ کرنسی کی ضبطی کے بعد ای ڈی اس کیس کو اپنے ہاتھ میں لیتے ہوئے FEMA قانون کو ان پر لاگو کیا ۔ اس رقم کے حصول کیلئے آر بی آئی سے بھی ریکارڈ طلب کیاگیا ہے ۔