ای پی ایف کے وظیفہ یابوں کو ماہانہ کم سے کم ایک ہزار روپئے وظیفہ

حیدرآباد 30 ستمبر (سیاست نیوز) مرکزی وزیر شہری ترقیات، امکنہ و پارلیمانی اُمور ایم وینکیا نائیڈو نے آج یہاں ایمپلائز پراویڈنٹ فنڈ اسکیم کا افتتاح کیا جس کے تحت حیدرآباد اور اطراف کے تقریباً 59,000 وظیفہ یابوں کو یکم اکٹوبر سے ماہانہ کم سے کم ایک ہزار روپئے وظیفہ حاصل ہوگا۔ مسٹر وینکیا نائیڈو نے ایمپلائمنٹ پراویڈنٹ فنڈ (ای پی ایف) اسکیم کا افتتاح کرنے کے بعد اپنے خطاب میں کہاکہ 11,000 کروڑ روپئے کے خسارہ کے باوجود حکومت اس مالی بوجھ کو برداشت کرنے کے لئے تیار ہے اور اس اسکیم کو روبہ عمل لانے کے عزم کی پابند ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اقل ترین وظیفہ کا احاطہ کرنے کیلئے بجٹ میں معقول گنجائش رکھی گئی ہے۔ مسٹر وینکیا نائیڈو نے اس بات پر سخت برہمی کا اظہار کیاکہ ہندوستانی آزادی کے حصول کے کئی دہائیوں بعد اب بھی ماہانہ ’سات‘ روپئے، 30 روپئے اور 70 روپئے کے وظائف دیئے جارہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ای پی ایف کے تحت 49 لاکھ افراد کو ماہانہ وظائف دیئے جاتے ہیں جن کے منجملہ اقل ترین وظیفہ میں اضافہ کی اس اسکیم سے ان 32 لاکھ وظیفہ یابوں کو فائدہ پہونچے گا جن کا ماہانہ وظیفہ ماہانہ 1001 حاصل ہوتا تھا۔ ملک میں 13 لاکھ ایسے وظیفہ یابان ہیں جنھیں ماہانہ 500 روپئے سے کم وظیفہ ملتا ہے۔ 19 لاکھ وظیفہ یابوں کو 500 اور 1000 روپئے ماہانہ کے درمیان وظیفہ ملتا ہے۔ مسٹر وینکیا نائیڈو نے کہاکہ یہ محض وزیراعظم نریندر مودی کی شخصی دلچسپی کے سبب ان وظیفہ میں اضافہ ہوا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مسٹر مودی اس اسکیم پر فی الفور اور مکمل عمل آوری چاہتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ وزیراعظم کو اس بات پر سخت افسوس تھا کہ ملک کے صرف 32 فیصد عوام کے پاس بینک کھاتے موجود تھے چنانچہ اُنھوں نے جن دھن اسکیم شروع کی اور صرف ایک دن میں ایک کروڑ افراد کے بینک کھاتے کھولے گئے جو ایک ریکارڈ ہے۔ اس طرح وزیراعظم نریندر مودی 2 اکٹوبر کو سوچھ بھارت ابھیان (صاف ستھرا ہندوستان مہم) میں شخصی طور پر حصہ لیں گے اور ملک کو صاف ستھرا بنانے کیلئے عوامی شعور بیدار کریں گے۔ قبل ازیں سکندرآباد کے بی جے پی رکن پارلیمنٹ بنڈارو دتاتریہ اپنے خطاب کے دوران وزیراعظم نریندر مودی کے مختلف اقدامات کی بھرپور ستائش کی۔ مسٹر دتاتریہ نے کہاکہ یہ بات انتہائی افسوسناک ہے کہ بعض وظیفہ یابوں کو ماہانہ صرف ’7‘ روپئے وظیفہ دیا جارہا تھا لیکن خوشی کی بات تو یہ ہے کہ اب ان وظیفہ یابوں کو 1000 روپئے وظیفہ حاصل ہوگا۔ مسٹر دتاتریہ نے کہاکہ اب بھی مزدوروں اور محنت کشوں کے ایک بڑے طبقہ کا وظیفہ کی اس اسکیم میں احاطہ نہیں کیا گیا ہے۔ اُنھوں نے خانگی دواخانوں، شاپنگ مالس اور دیگر ادارہ جات میں کام کرنے والے ورکرس کو اس اسکیم میں شامل کرنے اور بیڑی ورکرس کیلئے ہاسپٹل کے قیام کی تجویز پیش کی۔ اس تقریب میں وینکیا نائیڈو اور بنڈارو دتاتریہ نے چند وظیفہ یابوں کو تہنیت پیش کی جن میں ضلع محبوب نگر سے تعلق رکھنے والی عمر رسیدہ بیڑی ورکر کبریٰ بی شامل ہیں جنھیں ماہانہ وظیفہ کے طور پر صرف ’7‘ روپئے حاصل ہوا کرتے تھے لیکن یکم اکٹوبر سے کبریٰ بی کو بھی 1000 ہزار روپئے ماہانہ وظیفہ حاصل ہوگا۔ پراویڈنٹ فنڈ کے ایڈیشنل سنٹرل کمشنر اے وی سرویشورن اور ریجنل پی ایف کمشنر کے وی وی ستیہ نارائنا بھی موجود تھے۔