ای ٹورسٹ ویزا اسکیم میں مزید 37 ممالک کیلئے توسیع

نئی دہلی ، 25 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) نہایت کامیاب ای ٹورسٹ ویزا (e-TV) کی سہولت کو کل سے مزید 37 ممالک کے شہریوں کیلئے توسیع دی جائے گی۔ ان ملکوں میں آسٹریا، چیک ریپبلک، ڈنمارک اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔ اس کے ساتھ یہ اسکیم کے تحت ممالک کی جملہ تعداد 150 ہورہی ہے۔ سرکاری بیان میں کہا گیا کہ آمد پر سیاحتی ویزا جو ای ٹورسٹ ویزا اسکیم کے طور پر معروف ہے، 27 نومبر 2014ء کو شروع کی گئی تھی۔ درخواست گزار کو قواعد کی تکمیل پر ای میل وصول ہوتا ہے ، جس کا پرنٹ آؤٹ ساتھ رکھتے ہوئے وہ ہندوستان کا سفر کرسکتا؍ کرسکتی ہے۔

 

عمر اور انیربن کے آواز کے نمونے حاصل کرنے عدالتی اجازت نہیں
نئی دہلی ، 25 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کی عدالت نے آج جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کے دو طلباء خالد عمر اور انیربن بھٹاچاریہ کے آواز کے نمونے حاصل کرنے دہلی پولیس کو اجازت دینے سے انکار کردیا، جنھیں بغاوت کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔ عدالت کے ذرائع نے بتایا کہ میٹروپالیٹن مجسٹریٹ لولین نے دہلی پولیس کی ایک درخواست کو مسترد کردیا، جس میں 23 فبروری کی شب خودسپردگی اختیار کرنے کے بعد گرفتار کئے گئے دو طلباء کے آواز کے نمونے حاصل کرنے کی اجازت طلب کی گئی تھی۔ عمر اور انیربن کو گزشتہ شب پولیس تحویل میں دیئے جانے کے بعد جے این یو کے قریب واقع ساؤتھ کیمپس پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا۔ دہلی ہائیکورٹ نے حکم دیا ہے کہ ملزمین کے ریمانڈ کی کارروائی کے دوران رازداری برتی جائے۔