ستارا ، 9 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سربراہ این سی پی شرد پوار نے چناؤ میں الکٹرانک ووٹنگ مشینوں (EVMs) کے استعمال پر آج تشویش ظاہر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ خود انھوں نے ایک مرتبہ پریزنٹیشن کے دوران دیکھا کہ اُن کی پارٹی کیلئے ڈالا گیا ووٹ بی جے پی کے حق میں چلا گیا۔ تاہم، پوار نے کہا کہ وہ ایسا دعویٰ نہیں کررہے ہیں کہ تمام ای وی ایمز اسی طرح کام کرتے ہیں۔ پوار نے یہاں اخباری نمائندوں کو بتایا: ’’میں بھی اس مشین کے تعلق سے فکرمند ہوں۔ حیدرآباد اور گجرات میں بعض لوگوں نے میرے روبرو ای وی ایم رکھا اور مجھ سے بٹن دبانے کیلئے کہا۔ میں نے ’واچ‘ (این سی پی کا نشان) کے آگے بٹن دبایا اور ووٹ ’کنول‘ (بی جے پی کا نشان) کے حق میں چلا گیا۔ میں نے خود یہ عمل دیکھا ہے۔‘‘