ای وی ایم مشینوں میں ٹمپرنگ کے قوی امکانات

بیالٹ پیپر کے ذریعہ انتخابات کروانے پر زور ، چندرا بابو نائیڈو
حیدرآباد /23 جنوری ( سیاست نیوز ) قومی صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرا بابو نائیڈو نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ای وی ایمس (الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں ) میں ٹیامپرنگ کرنے کے قوی امکانات ہیں ۔ بالخصوص چپ ٹیکنالوجی سے واقفیت رکھنے والے افراد الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں آسانی کے ساتھ ٹیامپرنگ کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں ٹیامپرنگ کی گنجائش کے پیش نظر ہی اب ان الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ساتھ وی وی پیاٹس کو متعارف کیا گیا ہے اور مشینوں کے ساتھ وی وی پیاٹس رکھے جارہے ہیں تاکہ عوام میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے تعلق سے پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کیا جاسکے ۔ چیف منسٹر نے مزید کہا کہ کبھی بھی ووٹ ڈالنے والے فرد کو اپنے تائیدی امیدوار کو ووٹ ڈالے جانے کا اطمینان ہونا چاہئے ۔ لہذا بیالٹ پیپر کے ذریعہ ووٹر کو اپنے تائیدی امیدوار کو ووٹ ڈالے جانے کا بھروسہ اور اعتماد پیدا ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے بجائے بیالٹ پیپر کے طریقہ کار کو پھر سے شروع کرنے کا اعادہ کیا اور کہا کہ بیالٹ پیپر کے طریقہ کار کو دوبارہ لانے کے موضوع پر قومی سطح پر تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کے ساتھ ایک کانفرنس منعقد کرنے کے علاوہ بیالٹ پیپر کے ذریعہ ہی ووٹنگ کے طریقہ کار کو شروع کروانے کیلئے قومی سطح پر تمام تر کوششوں کا آغاز کردیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ مقامی حالات کے مطابق ہی انتخابی مفاہمت کے سلسلہ میں فیصلہ کیا جائے گا ۔ قومی صدر تلگودیشم نے مزید بتایا کہ ریاست میں پارٹی کا موقف کافی مستحکم ہے اور مختلف پارٹیوں کے قائدین کی جانب سے کئے جانے والے ادعاجات اور دھمکیوں سے تلگودیشم خوف زدہ ہونے والی نہیں ہے بلکہ اس طرح کی دھمکیوں کے ذریعہ پارٹی قائدین اور کارکنوں میں ایک نیا جوش اور جذبہ پایا جارہا ہے ۔ بلکہ ایک نیا حوصلہ مل رہا ہے ۔