ای وی ایم سے متعلق چندرا بابو نائیڈو کے رویہ پر تنقید، بی جے پی ، اے پی اسٹیٹ یونٹ نائب صدر وشنووردھن ریڈی کی پریس کانفرنس

حیدرآباد ۔ 24 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : بھارتیہ جنتا پارٹی نے آج چیف منسٹر آندھرا پردیش سے ای وی ایم مسائل پر سوال کیا کہ وہ ایک بوتھ میں ایک ٹیم کے ساتھ داخل ہو کر ویڈیوز کس طرح لے سکتے ہیں اور الیکشن کمیشن پر زور دیا کہ چندرا بابو نائیڈو اور ان کی ٹیم کے خلاف از خود ایک کیس درج کیا جائے ۔ آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے بی جے پی آندھرا پردیش اسٹیٹ یونٹ کے نائب صدر وشنو وردھن ریڈی نے کہا کہ آندھرا پردیش کے چیف منسٹر ای وی ایمس کے ساتھ مختلف ریاستوں میں گھوم رہے ہیں ۔ اے پی کے چیف منسٹر جو یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ ان کی پارٹی ایک نیشنل پارٹی ہے تو پھر دوسری ریاستوں میں بھی اس پارٹی نے انتخابات میں مقابلہ کیوں نہیں کیا ۔ مسٹر ریڈی اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ انہوں نے 2014-19 کے دوران اس مسئلہ کو نہیں اٹھایا جب وہ بی جے پی کے ساتھ اتحاد میں تھے ۔ 2009 میں بھی انہوں نے ای وی ایمس پر کانگریس کے خلاف الزامات عائد کئے تھے جب کہ انہیں سابقہ متحدہ ریاست آندھرا پردیش میں شکست ہوئی تھی ۔ اب آندھرا پردیش کے چیف منسٹر امراوتی اور دہلی میں پریس میٹنگس منعقد کرتے ہوئے ان ہی مسائل کو اٹھا رہے ہیں جو کہ غلط ہے ۔۔