ای وی ایم سے شکایت نہ ختم ہونے والا مسئلہ: کرشنا مورتی

حیدرآباد۔/24 اپریل، ( سیاست نیوز) سابق چیف الیکشن کمشنر کرشنا مورتی نے کہا کہ انہیں ایسا معلوم ہوتا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے تعلق سے اپوزیشن کی شکایت نہ ختم ہونے والا مسئلہ ہے۔ انتخابات میںناکام ہونے والے سیاسی قائدین ہی ان مشینوں کے خلاف اظہار خیال کرتے ہیں اور مشینوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کئے جانے کا رونا روتے ہیں۔ کئی اپوزیشن پارٹیوں نے ای وی ایم مشینوں کی افادیت اور کارکردگی پر شبہات ظاہر کئے ہیں اور انہوں نے دعویٰ بھی کیا ہے کہ ان مشینوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے انتخابی نتائج کا رُخ موڑ دیا جاسکتا ہے۔ بعض تنظیموں نے مطالبہ کیا ہے کہ ای وی ایم کے ذریعہ ڈالے گئے تمام ووٹوں کی وی وی پیاٹ کے ذریعہ 50 فیصد گنتی کروائی جائے۔ کرشنا مورتی نے مزید کہا کہ جو لوگ انتخابات میں ناکام ہوتے ہیں وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ ای وی ایم مشینوں کا استعمال نامناسب ہے۔ ان کا یہ کھیل چلتا رہے گا ۔ میں سمجھتا ہوں کہ ای وی ایم سے خوفزدہ پارٹیوں کو بیالٹ پیپرس میں زیادہ دلچسپی ہے جس میں انہیں زیادہ سے زیادہ دھاندلیاں کرنے کا موقع ملتا ہے۔