پنجی 3 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر سیاحت نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہاکہ ’’آمد پر ویزا‘‘ (VoA) جیسی سہولت دنیا کے مختلف ممالک میں ای ویزا کی سہولت متعارف کرنے کے بعد لازمی ہوجائے گی۔ مرکزی وزیر سیاحت سری پدنائک نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ آمد پر ویزا کو اندرون ایک ماہ چھ ایرپورٹس تک توسیع دی جائے گی۔ مزید براں ہم ای ویزا پر زائد توجہ مرکوز کررہے ہیں جس کی وجہ سے مسافرین کو اپنے سفری کاغذات آن لائن درخواست کے ادخال سے حاصل ہوجائیں گے۔ ای ویزا متعارف ہونے کے بعد آمد پر ویزا (VoA) کی اجرائی لازمی ہوجائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ مرکزی وزارت داخلہ سکیورٹی کے نقطہ نظر سے ای ویزا کے امکانات پر غور و خوض کررہی ہے جس کے طریقہ کار پر ہنوز تبادلہ خیال جاری ہے جہاں ایرپورٹس پر موجود سکیورٹی انتظامات اور دیگر ضروری پہلوؤں پر بھی غور کیا جائے گا۔ اُنھوں نے تیقن دیا کہ ای ویزا کی اجرائی کے لئے تمام تر تیاریاں آئندہ سال جون تک مکمل کرلی جائیں گی۔