حیدرآباد 28 جون ( پی ٹی آئی ) حکومت تلنگانہ کی جانب سے ریاست میں ای وہیکلس ( الیکٹرانک گاڑیوں ) کو فروغ دینے سے متعلق پالیسی کا کل اعلان کیا جائیگا ۔ ایک سینئر عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ عہدیدار کے بموجب اس پالیسی میں الیکٹرانک گاڑیاں تیار کرنے والوں کو کئی سہولیات فراہم کی جائیں گی اس کے علاوہ چارجنگ اسٹیشنوں کے قیام اور دوسرے انفرا اسٹرکچر کی فراہمی کیلئے بھی مراعات دی جائیں گی ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی اس پالیسی کو صنعتی گوشوں سے مشاورت کے بعد تیار کیا گیا ہے اور اس میں بیشتر توقعات کو پورا کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔ عہدیدار نے کہا کہ مہیندرا ینڈ مہیندرا کے مینیجنگ ڈائرکٹر پون گوئنکا ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی راما راؤ اور دوسرے صنعتی قائدین کی موجودگی میں پالیسی کی اجرائی عمل میں لائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پالیسی تین اہم نکات پر مشتمل ہوگی ۔