ای سیٹ 2014 کا اعلامیہ 28 فروری کو متوقع

عثمانیہ یونیورسٹی کو ذمہ داری، آن لائن طریقہ کار پر عمل

حیدرآباد 23 فروری (سیاست نیوز) ریاست بھر میں مختلف انجینئرنگ کالجس میں ایم ای، ایم ٹیک، ایم آرچ، ایم فارمیسی و دیگر پوسٹ گرائجویٹ انجینئرنگ کورسیس میں داخلوں کے لئے کامن انٹرنس ٹسٹ ’’ای سیٹ 2014‘‘ کیلئے جاری ماہ 28 فروری کو اعلامیہ کی اجرائی متوقع ہے اور ای سیٹ کے انعقاد کی ذمہ داری عثمانیہ یونیورسٹی کو دی گئی ہے۔ عثمانیہ یونیورسٹی ذرائع نے یہ بات بتائی۔ اور کہاکہ ریاستی سطح پر منعقد ہونے والے ای سیٹ 2014 کے ذریعہ جملہ 50,435 نشستیں مختلف کالجوں میں پُر کی جائیں گی۔ بتایا جاتا ہے کہ ای سیٹ کا عمل مکمل طور پر آن لائن پر ہی کیا جائے گا۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ای سیٹ 2014 ء کا اعلامیہ جاری ہونے کے بعد آئندہ ماہ 5 مارچ سے آن لائن درخواستوں کے عمل کا آغاز ہوجائے گا اور 12 مئی سے درخواست داخل کئے ہوئے امیدوار اپنے ہال ٹکٹس ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں اور داخلوں کیلئے ای سیٹ کا 26 تا 29 مئی انعقاد عمل میں آنے کی توقع ہے اور ای سیٹ کا انعقاد عمل میں آنے پر 17 جون تک ای سیٹ نتائج جاری کرنے کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ عثمانیہ یونیورسٹی ذرائع کے مطابق ای سیٹ 2014 ء کے بڑے پیمانے پر بہتر و شفافیت کے ساتھ انعقاد عمل میں لانے کیلئے وائس چانسلر عثمانیہ یونیورسٹی پروفیسر ستیہ نارائنا کی صدارت میں ایک تیاری کمیٹی کا مشاورتی اجلاس گزشتہ دن منعقد ہوا اور اس اجلاس میں ای سیٹ 2014 ء کے شیڈول کو قطعیت دی گئی اور بعض اہم فیصلے کئے گئے۔