ای سرینواس کا چیرمین تلنگانہ ایس سی ، ایس ٹی کمیشن کا حصول جائزہ

رویندرا بھارتی میں تقریب ، وزراء اور دیگر سیاسی قائدین کی شرکت و مخاطبت
حیدرآباد۔ 28 ۔ فبروری (سیاست نیوز) تلنگانہ ایس سی ، ایس ٹی کمیشن کے صدرنشین کی حیثیت سے چیف منسٹر کے بااعتماد قائد اور عثمانیہ یونیورسٹی اسٹوڈنٹ لیڈر ای سرینواس نے آج جائزہ حاصل کرلیا۔ اس سلسلہ میں رویندرا بھارتی میں تقریب منعقد ہوئی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر کے سری ہری ، ڈپٹی اسپیکر پدما دیویندر ریڈی ، جوگو رامنا، ٹی سرینواس یادو، ریاستی وزراء این نرسمہا ریڈی ، ہریش راؤ ، جگدیش ریڈی ، ٹی ناگیشور راؤ ، رکن پارلیمنٹ ملا ریڈی ، رکن اسمبلی سرینواس گوڑ ، میئر حیدرآباد بی رام موہن ، صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن اکبر حسین کے علاوہ پارٹی سے وابستہ قائدین اور کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کے سری ہری نے کم عمر میں اس قدر اہم ذمہ داری دیئے جانے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ چیف منسٹر نے ایس سی ، ایس ٹی کمیشن سے جو توقعات وابستہ کی ہیں، انہیں پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی ، ایس ٹی طبقات کے دستوری حقوق کے تحفظ کے سلسلہ میں کمیشن اہم رول ادا کرسکتا ہے۔ سری ہری نے کہا کہ سابق میں ایس سی ، ایس ٹی کمیشنوں کی کارکردگی اطمینان بخش نہیں رہی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ایس سی ، ایس ٹی طبقات کی بھلائی کیلئے کئی اسکیمات کا آغاز کیا ہے۔ این نرسمہا ریڈی نے سرینواس کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ تلنگانہ تحریک میں جن نوجوانوں نے اہم رول ادا کیا ، چیف منسٹر نے انہیں مناسب عہدے فراہم کئے ہیں۔ سرینواس کو اس عہدہ کے ذریعہ درج فہرست اقوام و قبائل کی خدمت کا موقع ملے گا۔ نرسمہا ریڈی نے کہا کہ ریاست میں فلاحی اسکیمات کے ذریعہ کمزور طبقات کی بھلائی پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ وزیر ہریش راؤ نے تلنگانہ تحریک کے دوران ای سرینواس کے رول کی ستائش کی اور کہا کہ عثمانیہ یونیورسٹی اسٹوڈنٹ لیڈر کی حیثیت سے ان کے رول کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ حکومت نے ایس سی ، ایس ٹی طبقات کی بھلائی کیلئے کئی پروگرامس شروع کئے ہیں۔ کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ فلاحی اسکیمات کے فوائد مستحق افراد تک پہنچائے۔ انہوں نے کہا کہ سنہرے تلنگانہ کی تشکیل کیلئے جو خواب دیکھا گیا ، اس کی تکمیل کی سمت کے سی آر حکومت گامزن ہے۔ حکومت غریبوں اور پسماندہ طبقات کی بھلائی کیلئے وقف ہوچکی ہے۔ ریاستی وزیر جگدیش ریڈی نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو ایس سی ، ایس ٹی طبقات کا ہمدرد قرار دیا اور کہا کہ کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ حکومت کی اسکیمات پر موثر عمل آوری کی نگرانی کرے۔ کمیشن کے صدرنشین ای سرینواس نے چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ آندھراپردیش میں تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کی گئی۔ سابق میں ایس سی ، ایس ٹی کمیشن کی موجودگی سے عوام لاعلم تھے کیونکہ کمیشنوں نے کوئی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ چیف منسٹر نے گزشتہ تین برسوں کے دوران ایس سی ، ایس ٹی طبقات کے لئے کئی فلاحی اسکیمات کا آغاز کیا ہے۔ دلتوں کی ترقی کے بارے میں چیف منسٹر غیر معمولی دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے کمیشن کے صدرنشین کی حیثیت سے جو ذمہ داری دی ہے ، وہ اسے بخوبی نبھائیں گے۔ حکومت نے جو توقعات وابستہ کی ہے، ان پر کھرا اترنے کی کوشش کی جائے گی۔ چیف منسٹر جس انداز میں کمزور طبقات کی ترقی کے خواہاں ہے ، وہ اسی مطابقت میں خدمات انجام دیں گے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تلنگانہ ایس سی ، ایس ٹی طبقات کی ترقی میں ملک بھر میں سرفہرست رہے گی۔