فی کس 800 روپئے کا جرمانہ
حیدرآباد۔/15 جون، ( سیاست نیوز) ورنگل میں قاضی پیٹ کی جوڈیشیل فرسٹ کلاس مجسٹریٹ کی عدالت میں وزیر فینانس ای راجندر پر تلنگانہ تحریک کے دوران عائد کئے گئے مقدمات کو برخواست کردیا ہے۔ ای راجندر مزید 5 ٹی آر ایس قائدین کے ہمراہ ریلوے عدالت میں حاضر ہوئے۔ 2011 میں اوپل ریلوے اسٹیشن پر احتجاج منظم کرنے کے خلاف ای راجندر کے علاوہ ٹی آر ایس قائدین ایم رمیش، نوین کمار، بی کمار سوامی، کے راملو اور پی کمار سوامی پر ریلوے پولیس نے مقدمات درج کئے تھے۔ مقدمہ کی سماعت مختلف مراحل میں جاری رہی اور مجسٹریٹ نے آج فیصلہ سناتے ہوئے مقدمات کو برخواست کردیا۔ تاہم انہوں نے تمام کو فی کس 800 روپئے کا جرمانہ عائد کیا۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے راجندر نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران غیر منصفانہ طور پر جو مقدمات درج کئے گئے تھے مرکزی حکومت ان سے فوری دستبرداری اختیار کرے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے مزید دو مقدمات کا وہ سامنا کررہے ہیں۔ راجندر نے کہا کہ ریلوے مقدمات کے سلسلہ میں تلنگانہ کے قائدین گزشتہ پانچ برسوں سے ریلوے کورٹس کے چکر کاٹ رہے ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر کے سری ہری، اسمبلی کے اسپیکر مدھو سدن چاری پر دائر کردہ ریلوے مقدمات آخری مراحل میں ہیں۔ انہوں نے مرکز سے مطالبہ کیا کہ ریلوے کے تمام مقدمات سے دستبرداری اختیار کی جائے۔