احمد آباد ۔ 2 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام): جیل میں محروس تحریک تحفظات کے لیڈر ہاردیک پٹیل نے آج کہا ہے کہ اعلیٰ ذاتوں کے لیے 10 فیصد ای بی سی ریزرویشن کی فراہمی سے متعلق حکومت گجرات کے اقدام کی قبولیت یا مسترد کردینے کا فیصلہ پٹیل برادری کرے گی نہ کہ وہ شخصی طور پر کریں گے ۔ سورت کے لاج پور سے جیل میں محروس ہاردیک پٹیل نے کنوینر پاٹیدار انامت اندولن سمیتی نکھیل سوانی کو اس خصوص میں ایک مکتوب روانہ کیا ہے ۔ جس میں انہوں نے کہا کہ پٹیل برادری کو یہ فیصلہ کرنا چاہئے کہ آیا انہیں معاشی طور پر پسماندہ طبقات ( ای بی سی ) کوٹہ کے تحت ریزرویشن چاہئے یا پھر دیگر پسماندہ طبقات ( او بی سی ) کوٹہ کے تحت چاہئے ۔ تاہم ہماری برادری کی قیمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ اور ہماری برادری کا یہ ایقان ہے کہ ای بی سی سے زیادہ بہتر او بی سی ہے تو ہم اس مطالبہ پر جدوجہد کریں گے ۔ واضح رہے کہ حکومت گجرات نے اعلیٰ ذاتوں میں معاشی طور پر پسماندہ افراد کو 10 فیصد تحفظات فراہمی کے لیے کل ایک آرڈیننس جاری کیا تھا ۔ جس کے لیے سالانہ حد آمدنی 6 لاکھ روپئے متعین کی گئی ہے ۔