نئی دہلی ۔ 2 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) حکومت کی جانب سے ڈیجیٹل پیمنٹ کے تعلق سے بیداری پیدا کرنے اور مابعد نوٹ بندی کم نقدی والی معیشت کو مقبول بنانے کی کوشش کے تحت لگ بھگ 94 کروڑ روپئے خرچ کئے گئے، راجیہ سبھا کو آج یہ بات بتائی گئی۔ مملکتی وزیر اطلاعات و نشریات راجیہ وردھن سنگھ راتھوڑ نے یہ بھی کہا کہ آج کی تاریخ تک ڈی اے وی پی نے 9 نومبر 2016ء اور 25 جنوری 2017ء کے درمیان جاری کردہ اشتہارات کیلئے زائد از 14.95 کروڑ روپئے ادا کردیئے ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی نے 1000 اور 500 روپئے قدر والی کرنسی نوٹوں سے دستبرداری کا اعلان 8 نومبر کو کیا تھا۔ راتھوڑ نے تحریری جواب میں کہا کہ ڈی اے وی پی میں اخبارات کیلئے بالعموم NEFT کے ذریعہ نقدی سے عاری ادائیگیاں کرنے کا رواج ہے۔ بل داخل کرنے کی مدت اخباری اشتہار کی اشاعت کی تاریخ سے 60 یوم ہوتی ہے۔ ابھی تک ڈی اے وی پی نے 9 نومبر اور 25 جنوری کے درمیان جاری کردہ اشتہارات کیلئے 14,95,84,691 روپئے ادا کردیئے ہیں۔