ای احمد کو صدر ، وزیراعظم اور دیگر کا خراج

نئی دہلی۔یکم فبروری (سیاست ڈاٹ کام) صدر جمہوریہ پرنب مکرجی، نائب صدر حامد انصاری، وزیراعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ، صدر کانگریس سونیا گاندھی اور دیگر سرکردہ قائدین نے آج پارٹی خطوط سے بالاتر ہوکر سابق مرکزی وزیر اور انڈین یونین مسلم لیگ ایم پی ای احمد کو خراج عقیدت پیش کیا جن کا آج صبح انتقال ہوا۔ وزیر اطلاعات و نشریات وینکیا نائیڈو، وزیر پارلیمانی امور اننت کمار، سی پی آئی لیڈر ڈی راجہ، ٹی ایم سی لیڈر سوگتا رائے بھی ان شخصیتوں میں شامل ہیں جنہوں نے یہاں مرحوم قائد کی قیام گاہ جاکر آخری دیدار کیا۔ پرنب مکرجی نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ لوک سبھا رکن ای احمد کے انتقال سے انہیں سخت صدمہ ہوا ہے۔ وہ طویل عرصہ ان کے دوست اور ساتھی رہے۔ ای احمد پسماندہ لوگوں اور مظلوموں کی فلاح و بہبود کے لیے مسلسل کوشش کرنے والوں میں شمار تھے اور ان کی خدمات کو ملک تادیر یاد رکھے گا۔ وزیراعظم مودی نے اپنے تعزیتی پیام میں کہا کہ ای احمد نے خود کو کیرالا کے لیے وقف کردیا تھا۔ انہوں نے مغربی ایشیاء کے ساتھ ہندوستان کے رشتوں کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی نے کہا کہ ای احمد اچھے انسان تھے ان کے انتقال سے ملک نے بہترین رہنما کھو دیا ہے۔ ای احمد جمہوریت کے تئیں پر عزم تھے اور کیرالا کے چہیتے لیڈر تھے۔