ایگزٹ پولس کا مقصد سٹہ بازار کو فائدہ پہنچانا

مودی کو اکثریت کا سروے پیش کرنے والی ایک کمپنی کی سٹہ بازار میں سرمایہ کاری

حیدرآباد۔20مئی (سیاست نیوز) مرکز میں قیام حکومت کے سلسلہ میں جاری کئے جانے والے اگزٹ پولس کے متعلق سیاسی ماہرین کا ادعا ہے کہ یہ سٹہ بازار کو فائدہ پہنچانے والے اگزٹ پول ہیں جن میں تبدیلی ممکن ہے اور کہا جا رہاہے کہ سٹہ بازار میں موجودہ اگزٹ پول کے متعلق اطلاعات منظر عام پر آنے کے بعد جو اثر ہوا ہے وہ انتہائی منفرد ہے کیونکہ اگزٹ پول کی اجرائی سے قبل سٹہ بازار کی جو حالت تھی اس کے اعتبار سے ملک میں دوبارہ نریندر مودی کو اقتدار حاصل ہونے کے امکانات نہیں تھے اور سٹہ بازار میں بھی یہی کہا جا رہا تھا لیکن اگزٹ پول کے منظر عام پر آنے کے بعد صورتحال یکسر تبدیل ہوتی جا رہی ہے اور اس صورتحال کا اندازہ عام شہری بھی لگا سکتے ہیں۔ شمالی ہند سے تعلق رکھنے والے ایک سینیئرصحافی نے تو یہاں تک دعوی کیا ہے کہ ایک ٹی وی چیانل پر دکھائے گئے اگزٹ پول سروے کو جس کمپنی سے حاصل کیا گیا ہے وہ کمپنی خود سٹہ بازار میں سرمایہ کاری کرتی ہے اور دو کمپنیاں تو ایسی ہیں جو خود بھارتیہ جنتا پارٹی کے لئے زمین پر کام کرتی ہیں اسی لئے ان کمپنیوں کے اگزٹ پول کو درست سمجھا جانا دشوار ہے ۔ انہوں نے یوٹیوب پر اپنے ویڈیو میں اس بات کا بھی دعوی کیا ہے کہ اگزٹ پول نتائج یکسر تبدیل بھی ہوسکتے ہیں کیونکہ سٹہ بازار کو نقصان سے بچانے کیلئے بھی یہ اگزٹ پول ایک چال ہوسکتی ہے تاکہ سٹہ بازار میں سرمایہ کاری کرنے والوں ہونے والے نقصان کی پابجائی کو ممکن بنایا جاسکے ۔ایک اور سینیئر صحافی جو کہ ملک کے سرکردہ ذرائع ابلاغ ادارہ سے وابستہ ہیں نے اپنے پروگرام کے دوران آسٹریلیاء میں اگزٹ پول کے برعکس نتائج کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کہیں بھی ممکن ہے اس کے علاوہ ہندستان میں 7مرحلوں کے دوران ہونے والے انتخابات میں خاموش رائے دہندوں کی رائے کی بھی کافی اہمیت ہے کیونکہ یہ رائے دہندے اپنی رائے سے کسی کو واقف نہیں کرواتے ۔ دونوں ہی سرکردہ صحافیوں نے اس بات کی توثیق کی ہے کہ جو لوگ اگزٹ پول کے اعداد و شمار پیش کر رہے ہیں اور جن کمپنیو ںنے یہ اعداد و شمار تیار کئے ہیں ان کمپنیو ںنے رائے دہندوں کی تعداد اور زمروں تک جو رسائی حاصل کی ہے وہ بھی کافی کم ہے لیکن اس کے باوجود اس بات کو مسترد نہیں کیا جاسکتا کہ اگزٹ پول کے اعداد و شمار میں کوئی بڑی تبدیلی رونما ہوگی جبکہ سیاسی مبصر یوگیندر یادو نے یہ دعوی کیا ہے کہ اگزٹ پول پر پابندی کے باوجود بھی یہ کہا جاسکتا ہے کہ جو اعداد و شمارمنظر عام پر آئے ہیں ان میں کوئی بڑی تبدیلی ہوگی کیونکہ بیشتر تمام اگزٹ پولس نے مودی کو دوبارہ اقتدار کی پیش قیاسی کی ہے ۔