مظفر نگر ۔ 22 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : شاملی میں منعقدہ اجلاس میں کھاپ کمیٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایک ہی نسل ( گوترا ) میں شادیوں پر پابندی کے لیے ہندو میریج ایکٹ میں ترمیم کی جائے ۔ صدر ساروکھاپ کمیٹی اوم پرکاش ملک نے کہا کہ مرکزی حکومت کو چاہئے کہ ایک گوترا میں شادیوں پر امتناع عائد کردیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ایک ہی گوترا ( نسل ) میں شادیوں کو نا منظور کرنے کے لیے ہندو میریج ایکٹ میں ترمیم کرنے کی ضرورت ہے ۔ مذکورہ اجلاس میں مرکزی وزیر انصاف ڈی وی سدانندا گوڈر کے بیان پر بھی تنقید کی ۔ جنہوں نے گذشتہ جمعرات کو کہا تھا کہ کھاپ پنچایت جیسی روایتی عدالتوں کو غیر قانونی اور غیر دستوری قرار دیا جائے اور ریاستی حکومتوں سے کہا تھا کہ اس طرح کی سرگرمیوں پر روک لگائے ۔