16 ہزار جائیدادوں کیلئے 30 ستمبر کو تحریری امتحان، ادارہ سیاست کی کوچنگ کا کامیاب انعقاد
حیدرآباد 25 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی سطح پر پولیس کانسٹبلس کے تقررات کے لئے 30 ستمبر کو تحریری امتحان مقرر ہے۔ اس کے لئے 5 لاکھ امیدواروں نے درخواستیں داخل کی ہیں۔ ہال ٹکٹ جاری ہوچکے ہیں۔ مسلم چار فیصد تحفظات کے تحت 650 جائیدادیں محفوظ زمرہ میں حاصل کرسکتے ہیں اور دیگر زمرہ جات اور تحفظات سے بہ آسانی ایک ہزار مسلم نوجوانوں کو پولیس کانسٹبلس کی ملازمت مل سکتی ہے۔ ادارہ سیاست اس مشن اور مقصد کے تحت کہ حیدرآباد و سکندرآباد اور تلنگانہ کے تمام اضلاع سے 16 ہزار کے منجملہ دس فیصد 1600 جائیدادوں پر مسلم نوجوان منتخب ہوں۔ اب ایک ہزار کا نشانہ بناکر اس کی منظم کوچنگ کلاسیس ماہر اور تجربہ کار لکچررس کی زیرنگرانی عابد علی خاں آئی ہاسپٹل دارالشفاء میں چلائی گئی جس سے سینکڑوں امیدواروں نے استفادہ کیا۔ آج 25 ستمبر کو پولیس کانسٹبلس تحریری امتحان کا گرانڈ ٹسٹ رکھا گیا اور اہم اور معلوماتی سوالی پرچہ 200 نشانات کا معہ او ایم آر جوابی شیٹ دیا گیا۔ ایم اے حمید کیرئیر کونسلر سیاست نے امتحانی تکنیک بتاتے ہوئے او ایم آر جوابی شیٹ کی مشق کروائی اور بلو ؍ بلاک بال پن کے استعمال کو کس طرح استعمال کرتے ہوئے دائرہ کو بھرنا چاہئے، اس کی مشق کروائی۔ پولیس کانسٹبلس کے انتخاب کے لئے بھی تین مرحلے ہیں۔ پہلے مرحلہ میں تحریری امتحان 200 سوالات کے 200 نشانات ہیں۔ اس کے بعد فزیکل ٹسٹ جس میں پانچ ایونٹ ہوں گے پھر فائنل میں تحریری امتحان ہوگا۔ مسلم نوجوان جو اس میں شرکت کررہے ہیں ان کا پہلے مرحلہ میں کامیابی لازمی ہے۔ منظور احمد کوآرڈی نیٹر کوچنگ کلاسیس نے بتایا کہ جہاں نہایت ڈسپلن کے ساتھ یہ کلاسیس چلائی گئیں وہیں یہ امتحانی نقطہ نظر سے ماڈل ٹسٹ کے انعقاد کے ذریعہ کامیابی کے تکنک اور طریقہ بتائے گئے۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست کے زیرسرپرستی جناب ظہیرالدین علی خاں منیجنگ ایڈیٹر سیاست اور جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست کی زیرنگرانی کوچنگ کلاسیس کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔ اس کے لئے جناب عبدالرحمن، محمد بدرالدین کے دیرینہ تجربے سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے خدمات حاصل کی گئیں۔