مجموعی ترقی کا وعدہ، سماجوادی پارٹی کا منشور جاری ، تقریب سے ملائم سنگھ یادو اور شیوپال غیرحاضر ، ’’کام بولتا ہے‘‘: اکھیلیش کا نعرہ
لکھنؤ۔ 22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پارٹی میں تقریباً دو دہوں سے عزت و اکرام کے ساتھ رہنے کے بعد یکا و تنہا ہونے کا بظاہر احساس کرتے ہوئے ملائم سنگھ یادو نے سماج وادی پارٹی کے منشور جاری کرنے کی تقریب میں شرکت نہیں کی۔ اس منشور میں چیف منسٹر اکھیلیش یادو نے ریاست اُترپردیش کی مجموعی ترقی کا وعدہ کرتے ہوئے جاری کیا ہے۔ انتخابی مہم کا آغاز کرنے کے ساتھ کئی اسکیموں کا اعلان کرنے والے اکھیلیش یادو نے یہ نعرہ بھی دیا کہ ’’کام بولتا ہے‘‘۔ ان کے دور میں جو کام انجام دیئے گے ہیں، اس پر عوام انہیں دوبارہ منتخب کریں گے۔ چیف منسٹر نے مزید کہا کہ سماج وادی پارٹی کے قومی صدر کی حیثیت ان کا نیا رول اہم تبدیلی لائے گا۔ ریاست کی ترقی کے لئے اسکیموں کو اولین ترجیح دی جائے گی۔ منشور میں اعلان کیا گیا کہ لیاپ ٹاپ دی جائے گا۔ کنیا ودیا دھن، سماج وادی پینشن، پورانچل ایکسپریس وے کا سنگ بنیاد اور جیانیشور ماڈل مواضعات کی تیاری جیسے اعلانات بھی کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ پولیس اور خواتین کے لئے ہیلپ لائن کو بہتر بنایا جائے گا۔ چیف منسٹر نے تمام امیدواروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے حلقوں کی ترقی کے لئے ایک روڈ میاپ تیار کرلیں۔ یہ منشور ہمارا ’’عہد‘‘ ہے۔ اور اس عہد کے ذریعہ ہی یوپی ریاست کو ترقی دی جائے گی۔ 43 سالہ چیف منسٹر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کی پارٹی 403 نشستوں کے منجملہ 300 نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔ سال 2012ء میں اس نے 224 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔ 32 صفحات کے منشور کی خصوصیات میں اکھیلیش یادو اور ملائم سنگھ یادو کی تصاویر ہیں، لیکن اس میں شیوپال یادو کی تصویر شامل نہیں کی گئی۔ منشور میں کسانوں کے لئے فنڈس قائم کرنے اور دیہی علاقوں میں 24 گھنٹے برقی دینے، سماج وادی پینشن اسکیم کے توسیع شدہ پروگرام کے مطابق ایک کروڑ عوام کو ماہانہ 1,000 روپئے کی پینشن دی جائے گی۔ 9 تا 12 ویں جماعت میں تعلیم حاصل کرنے والی لڑکیوں کو مفت سائیکل دی جائے گی۔ سماج وادی اسمارٹ فون اسکیم کے تحت مفت اسمارٹ فون دیا جائے گا۔ غریب خواتین کے لئے پریشر کوکر، غریب طلبہ کیلئے مفت گھی اور دودھ کا پاؤڈر، حاملہ خواتین کو تغذیہ بخش غذا اور ریاستی بسوں میں خواتین کیلئے 50% ڈسکاؤنٹ دیا جائے گا۔ منشور کی اجرائی تقریب سے غیرحاضر ملائم سنگھ یادو کو پارٹی کے سینئر لیڈر اعظم خاں نے کامیاب ترغیب دے کر دوبارہ تقریب میں لایا۔ اعظم خاں نے پارٹی میں ناراضگیوں کو دُور کرنے ثالثی میں کامیاب رول ادا کیا ہے۔