ایک نوجوان کے اپنے آپ کو صلیب چڑھالینے کا درد ناک منظر

چینائی ۔ 24 فبروری۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) انا ڈی ایم کے کی سربراہ جیہ للیتا کے ایک کٹرحامی نے اپنے آپ کو صلیب چڑھالیا اور چیف منسٹر ٹاملناڈو کی حیثیت واپس آنے کا مطالبہ کیا۔ جیہ للیتا کے پرستار اور کراٹے کے ماہر شیعان حسینی نے شدید درد کے باوجود 6 منٹ 7 سکینڈ تک اپنے آپ کو مصلوب کرلیا جبکہ حسینی کے دوستوں نے 6 انچ کے کیل ان کے پیروں اور ہاتھوں میں ٹھونک دیئے ۔ انھوں نے یہ کربناک منظر اس لئے پیش کیا کہ چیف منسٹر کی حییثیت سے جیہ للیتا دوبارہ اقتدار میں آجائے جنھوں نے غیرمحسوب اثاثہ کیس میں عدالت کے اجکامات پر استعفیٰ دیدیا تھا۔ تاہم شیعان حسینی نے بتایا کہ زندگی میں کبھی اس قدر درد محسوس نہیں کیا تھا جب انھیں کیل ٹھونک دیئے گئے تھے ۔ یہ درد ناقابل برداشت ہوگیا تھا ۔ ان کے شاگردوں کی جانب سے کیل نکال دینے کے بعد انھوں نے میڈیا کو اپنی کیفیت بیان کی ۔ اور انھیں فی الفور ہاسپٹل سے رجوع کیا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے طبی معائنہ کرتے ہوئے ایکس رے نکالے ۔ حسینی کو جب صلیب سے باندھ دیا گیا تو ہاتھوں اور پیروں میں کیل ٹھونک دیئے گئے ۔ یہ صلیب 8 فٹ بلند اور 6 فٹ چوڑا اور 16 انچ موٹا تھا ۔ انھوں نے کہاکہ صلیب پر جیہ للیتا کیلئے خصوصی دعا کی جوکہ تاملناڈو کیلئے واحد اُمید کی کرن ہے ۔