نئی دہلی ۔ /3 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ان دنوں لاطینی امریکہ میں ایک تشویشناک وائرس ’’زیکا‘‘ کی دہشت پھیلی ہوئی ہے جس کی وجہ سے یورپ اور ایشیائی ممالک میں بھی ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے ۔ زکا وائرس مچھر کے ذریعہ انسانوں میں پھیل رہا ہے اور اس وائرس نے اب ہندوستان کے ماحول بھی متاثر کررہا ہے ۔ زکاوائرس سے فی الحال ہندوستانی باشندوں کو ہونے والے نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے لیکن مچھر کے ذریعہ پھیلنے والے اس وائرس نے ہندوستان میں کاروں کی سب سے بڑی تصور کی جانے والی کمپنی ’’ٹاٹا‘‘ کو پریشان کردیا ہے ۔ وائرس زیکا کی وجہ سے ٹاٹا کی نئی کار جو عنقریب مارکٹ میں آنے والی ہے وہ متاثر ہوئی ہے کیونکہ ٹاٹا کی اس کمپنی کا نام بھی ’’زیکا‘‘ ہی ہے لہذا ٹاٹا کمپنی نے اعلان کردیا ہے کہ وہ اپنی کار کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کرچکی ہے ۔ ٹاٹا کمپنی کی جانب سے نئی چھوٹی کار ’’زیکا‘‘ کی فروخت کے لئے بڑے پیمانے پر تشہیری مہم چلائی جارہی ہے اور اس کار کی تشہیری مہم میں عالمی شہرت یافتہ فٹبال کھلاڑی ارجنٹینا کے کپتان اور بارسیلونا کے اسٹرائیکر لیونل میسی کو برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کیا گیا ہے ۔ ٹاٹا موٹرس کمپنی کی جانب سے اب اعلان کردیا گیا ہے اقوام متحدہ کے شعبہ صحت ’’ڈبلیو ایچ او‘‘ کی جانب سے وائرس زیکا کے پھیلاؤ اور 20 سے زائد ممالک کو درپیش خطرات کے خلاف ہائی الرٹ کے بعد وہ اپنی نئی کار ’’زیکا‘‘ کے نام کو تبدیل کردے گی ۔ یاد رہے کہ لاطینی امریکہ میں وائرس زیکا کی دہشت پھیلی ہوئی ہے جو کہ ساری دنیا کے دیگر ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے ۔ اس وائرس کی وجہ سے نومولود میں ذہنی امراض پیدا ہورہے ہیں اور وائرس سے متاثرہ بچے کی پیدائش چھوٹے سر کے ساتھ ہورہی ہے ۔ علاوہ ازیں ماہرین صحت نے زیکا وائرس سے زیادہ احتیاط کرنے کی حاملہ خواتین کو مشورہ دیا ہے ۔ یاد رہے کہ زیکا وائرس کو انگریزی میں "Zika” لکھا جارہا ہے ۔ جبکہ ٹاٹا کمپنی کی نئی کار کا نام "Zica” رکھا ہے جو اب تبدیل کردیا جائے گا ۔