حیدرآباد۔ 27فروری (سیاست نیوز)تلنگانہ انٹرمیڈیٹ امتحانات کا آج سے آغاز ہوا۔گریٹرحیدرآباد میں کئی طلبہ امتحان لکھنے سے محروم رہے کیونکہ ایک منٹ کی تاخیر پر ان طلبہ کو امتحانی مرکز میں داخل ہونے سے روک دیاگیا۔بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے پہلے ہی واضح کردیاتھا کہ ایک منٹ کی بھی تاخیر پر امتحانی مرکز میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔کالجس کے انتظامیہ کی جانب سے اس قانون پر سختی سے عمل کیا گیا۔اس موقع پر والدین نے کالجس کے ذمہ داروں سے درخواست کی کہ ان کے بچوں کو امتحانی مرکز میں داخل ہونے اور امتحان تحریرکرنے کی اجازت دی جائے کیونکہ بھاری ٹریفک کے سبب وہ وقت پرامتحانی مرکز نہیں پہنچ سکے تاہم کالجس انتظامیہ نے ان کی درخواست کو قبول نہیںکیا، والدین نے احتجاج کیا۔