ایک ماہ کی عبادتوں پر عیدالفطر اللہ تعالیٰ کا انعام،ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی کا پیام عید

حیدرآباد۔/15 جون، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے ملک بالخصوص تلنگانہ ریاست کے تمام مسلمانوں کو دل کی گہرائیوں سے عیدالفطر کی مبارکبادپیش کی ہے۔ اپنے پیام میں ڈپٹی چیف منسٹر نے اللہ تبارک تعالیٰ کا شکر ادا کیا کہ اس نے دوبارہ ماہ رمضان نصیب کیا۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو اللہ تعالیٰ نے ایک ماہ تک رمضان المبارک کے فیوض و برکات سے مستفید ہونے کا موقع دیا ہے اور مقدس ماہ کے اختتام تک بطور انعام عیدالفطر سے نوازا ہے۔ انہوں نے عید کو ہر کسی کیلئے خوشی اور مسرت کا موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کے علاوہ دیگر ابنائے وطن بھی عید کی خوشیوں میں شامل ہوتے ہیں۔ بلالحاظ و مذہب و ملت عوام کو تنگانہ میں عید اور تہواروں کی خوشیاں بانٹتے ہیں۔ محمود علی نے کہا کہ عید اور تہوار دراصل مذہبی رواداری کو فروغ دینے میں اہم رول ادا کرتے ہیں۔ گنگا جمنی تہذیب کو پروان چڑھایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران تلنگانہ حکومت نے 800 مساجد میں دعوت افطار کا اہتمام کیا اور 4 لاکھ 50 ہزار غریب و مستحق افراد میں ملبوسات کے تحائف پیش کئے گئے۔ انہوں نے چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے غریب مسلمانوں کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنے کی پہل کی ہے۔ محمود علی نے بتایا کہ شہر اور اضلاع میں تمام اہم عید گاہوں پر نماز کے موثر انتظامات کئے گئے ہیں۔