حیدرآباد ۔ 22 ۔ اگست (سیاست نیوز) ایک عازم حج کے قلب پر اچانک حملہ کے سبب انہیں اپنا سفر ملتوی کرنا پڑا۔ بتایا جاتا ہے کہ فلک نما کے 66 سالہ سید نصیرالدین جن کا کور نمبر TSR 191-2 ہے، وہ آج کے تیسرے قافلہ سے روانہ ہونے والے تھے۔ انہوں نے مقررہ قواعد کے مطابق 48 گھنٹے قبل حج ہاؤز پہنچ کر رپورٹنگ کی اور قیامگاہ واپس ہوگئے۔ گھر واپسی کے بعد اچانک قلب پر حملہ ہوا اور انہیں دواخانہ میں شریک کردیا گیا۔ ان کی حالت اطمینان بخش بتائی جاتی ہے ۔ ان کے ہمراہ ان کی اہلیہ بھی روانہ ہورہی تھیں۔ تاہم دونوں کا سفر ملتوی کردیا گیا ہے۔ قافلوں کی روانگی سے قبل مکمل صحتیاب ہونے کی صورت میں روانگی کا انتظام کیا جاسکتا ہے۔ اسی طرح ایک اور واقعہ میں ایک عازم نے اپنا ویزا کھودیا۔ 71 سالہ خواجہ امین الدین قریشی جن کا تعلق حیدرآباد سے ہے، وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ روانہ ہورہے تھے۔ وہ آج صبح کے دوسرے قافلہ میں تھے ، تاہم ایرپورٹ پر پتہ چلا کہ انہوں نے اپنا ویزا کا کاغذ کھودیا ہے تاہم اسپیشل آفیسر ایس اے شکور نے سنٹرل حج کمیٹی سے ربط کرتے ہوئے ویزا دوبارہ حاصل کیا۔