ایک شخص کیلئے دو آدھار ممکن نہیں : مرکزی وزیر

نئی دہلی 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) آدھار کئی مراحل سے گزرنے کے بعد جاری کیا جاتا ہے جن میں بائیو میٹرک سسٹم شامل ہیں اور اِس کی متعدد انفرادی خصوصیات کی بناء کوئی شخص دو نمبر حاصل نہیں کرسکتا۔ وزیر کمیونکیشن اینڈ آئی ٹی روی شنکر پرساد نے آج لوک سبھا کو تحریری جواب میں بتایا کہ آدھار کی خصوصیت اِس بات کو یقینی بناتی ہے کہ کوئی بھی ایک شخص دو آدھار حاصل نہیں کرسکتا اور اِسی طرح ایک ہی آدھار دو افراد کو جاری نہیں کیا جاسکتا۔ اُنھوں نے کہاکہ اِس بات کو یقینی بنایا جارہا ہے جعلی یا مصنوعی اندراج نہ ہو اور بائیو میٹرک سسٹم کے ساتھ ساتھ معیاری جانچ کے ذریعہ ہی آدھار جاری کیا جاتا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اتفاقاً ایسا کوئی واقعہ سامنے آجائے تو ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے اور ساتھ ہی ساتھ ایسے آدھار کو منسوخ کردیا جائے گا۔ ایک اور علیحدہ جواب میں اُنھوں نے کہاکہ 354 اداروں نے درخواستیں دی تھیں جنھیں اتھینٹی کیشن سرویسس کے لئے منظوری دی گئی ہے۔