ایک روپے میں ناشتہ فراہم کرنے جی ایچ ایم سی کا منصوبہ

اسکیم کا عنقریب آغاز ہوگا ، کمشنر سومیش کمار کا بیان
حیدرآباد ۔ 16 ۔ جون : ( این ایس ایس ) : ایک ایسے وقت جبکہ روپئے کی قدر میں تیزی کے ساتھ گراوٹ ہورہی ہے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے غریبوں کو صرف ایک روپئے میں ناشتہ فراہم کرنے کی تیاری کی جارہی ہے ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے پہلے ہی دونوں شہروں حیدرآباد اور سکندرآباد میں آٹھ مراکز پر غریبوں کو 5 روپئے میں دوپہر کا کھانا فراہم کیا جارہا ہے اور اب جی ایچ ایم سی کی جانب سے غریبوں کو صبح کے اوقات میں ایک روپئے میں ناشتہ فراہم کرنے کے انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ اس پروگرام پر عمل درآمد کے لیے ہری کرشنا فاونڈیشن کی جانب سے جی ایچ ایم سی سے تعاون و اشتراک کیا جارہا ہے ۔ کمزور طبقات کو ٹفنس جیسے پوری ، اڈلی اور اوپما ایک روپئے میں فراہم کئے جائیں گے ۔ اس فیصلہ کا انکشاف جی ایچ ایم سی کے کمشنر سومیش کمار نے آج کیا ۔ انہوں نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ فی الوقت 5 روپئے میں کھانا اسکیم کو آٹھ سنٹرس پر روبہ عمل لایا جارہا ہے لیکن اس اسکیم کو مزید 24 مراکز پر روبہ عمل لایا جائے گا ۔ ایک روپئے میں ٹفن اسکیم کا عنقریب آغاز کیا جائے گا ۔ سومیش کمار نے کہا کہ انہوں نے غریبوں کو صحت بخش گرام کھانا فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔۔