اسکیم سے فائدہ دلانے کے نام 3 تا 5 ہزار روپئے کی وصولی ، غریب بے یار و مددگار
حیدرآباد 21اپریل ( سیاست نیوز ) حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس کی جانب سے غریبوں کو صرف ایک روپئے میں نل کنکشن اسکیم کا آغاز چند دن قبل کیا تھا جس کا مقصد یہ تھا کہ غریب جو پیسہ خرچ کرکے نل کنکشن حاصل نہیں کرپائے ہیں ۔ انہیں ایک روپئے میں نل کنکشن فراہم کرتے ہوئے پانی کی سہولت دی جائے مگر یہ اسکیم دلالوں کیلئے چاندی بن گئی ہے اور دلال غریبوں کو فائدہ سے روکنے کیلئے 3 تا 5 ہزار روپئے غریبوں سے حاصل کر رہے ہیں اور یہ دلال مسلم بستیوں میں جاکر نل کنکشن دلانے کا وعدہ کرتے ہوئے ہزاروں روپئے لوٹ رہے ہیں اور ان دلالوں میں اکثر مقامی مذہبی تنظیموں کے لیڈرس ہیں ۔ قطب اللہ پور ، کوکٹ پلی ، ایل بی نگر ، الوال ، کا پرا ، اوپل جیسے مزید مختلف مقامات پر دلالوں کی دلالی عروج پر ہے اور اس بات کا بھی چرچا چل رہا ہے کہ بورڈ کے ملازمین اور دلالوں میں آپسی ساز باز چل رہا ہے ۔ بورڈ کے ایم ڈی دانا کشور کو شکایات وصول ہونے پر انہوں نے کارروائی کا فیصلہ کیا ہے اور ایک روپئے نل کنکش اسکیم سے متعلق شعور آگہی پیدا کرنے کا بھی منصوبہ کیا ہے اور اس کام کیلئے بلدیہ کے ریسورس پرسنس اور این جی اوز کا تعاون حاصل کرنے سے متعلق غور کیا جارہا ہے اور اس مناسبت سے خواتین کو خصوصی تربیت بھی دی جانے والی ہے ۔ واضح ہوکہ ایک روپئے میں نل کنکشن اسکیم کے تحت تاحال 2500 کنکشن دئے جاچکے ہیں اور مزید 7500 درخواستیں وصول ہونے کی امید کی جارہی ہے ۔ قطب اللہ پور میں دلال میدان عمل میں آنے کی شکایت وصول ہونے کے بعد بورڈ عہدیداران کارروائی کرنے پر آئے ہیں ۔ جی ایچ ایم سی آفس میں خواتین کو اسکیم سے متعلق خصوصی تربیت دیکر بستیوں میں روانہ کیا جائے گا ۔ جہاں یہ خواتین اس اسکیم سے متعلق بستی والوں کو آگاہ کریں گی اور یہ خواتین درخواست کیلئے دکرار دستاویزات جیسے سفید راشن کارڈ ، آدھار کارڈ ، حلف نامہ اور دیگر کاغذات ضرورت مندوں سے حاصل کرکے بورڈ کے دفتر میں اپ لوڈ کریں گی ۔ ریونیو ڈائرکٹر وجئے موہن نے بتایا کہ ضرورت مند درخواستیں بذات خود داخل کرسکتے ہیں ۔ واٹر بورڈ نے شہر کے مضافاتی علاوں میں ہیڈکو کے 1900 کروڑ فنڈس سے پینے کے پانی کے پراجکٹ تعمیر کئے ہیں اور جملہ 56 پانی کے ذخائر تعمیر کئے جارہے ہیں ۔ جن میں سے فی الحال 30 ذخائر آب تعمیر ہوچکے ہیں اور عنقریب بقیہ ذخائر آب بھی استعمال میں لائے جانے والے ہیں کیونکہ پائپ لائینس کی تنصیب تقریباً مکمل ہوگئی ہے اور اس مناسبت سے مختلف محلوں اور کالونیوں میں نل کنکشن جاری کئے جارہے ہیں ۔ فی الحال موجودہ 70 ہزار کنکشنس کو ری کینکشنس کیا جارہا ہے اور عہدیداران نے اس امید کا اظہار کیا کہ مزید 30 ہزار درخواستیں وصول ہوں گی جن میں ایک روپئے کنکشن اسکیم کے تحت 10 ہزار درخواستیں وصول ہونے ا مید کی جارہی ہے اور ایسے غریب افراد جن میں 100 گز کا مکان ہو ( دو تین منزل والے درخواست دینے کے اہل نہیں ہوں گے ) تو ایسے افراد کو ایک روپئے میں نل کنکشن دیا جائے گا اور ان کی سالانہ آمدنی دو لاکھ سے کم ہونا ضروری ہے اور اس مناسبت سے غریب عوام کو معلومات نہیں ہیں جس کی وجہ سے دلال ایسے افراد سے 3 تا 5 ہزار روپئے وصول کر رہے ہیں اور یہ افراد واٹر بورڈ کو صرف ایک روپیہ ادا کرکے بقیہ رقم ہڑپ رہے ہیں ۔