ایک دن میں 50لاکھ روپئے وہیکل ٹیکس کی وصولی

حیدرآباد۔ یکم اپریل، ( پی ٹی آئی) آندھرا پردیش سے آنے والی ٹرانسپورٹ اور کمرشیل گاڑیوں سے ٹیکس کی وصولی کا آغاز ہوگیا ہے۔ تلنگانہ ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں نے آندھرا پردیش کی سرحد سے متصل کوداڑ اور وڈا پلی چیک پوسٹ پر کل شب سے انٹری ٹیکس کی صولی شروع کردی۔ گاڑیوں کے مالکین نے نقد رقم اور ڈیمانڈ ڈرافٹ کی شکل میں رضاکارانہ طور پر ٹیکس ادا کیا۔ آج دوپہر 2بجے مختلف زمروں کی گاڑیوں سے جملہ 50لاکھ روپئے ٹیکس وصول ہوا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ٹیکس ادانہ کرنے پر گاڑیوں کو ضبط کرلیا جائے گا اور تلنگانہ میں ان گاڑیوں کو چلانے کی اجازت نہیں رہے گی۔ وزیر ٹرانسپورٹ مہیندر ریڈی نے بتایا کہ چونکہ تاملناڈو اور کرناٹک کی گاڑیوں سے ٹیکس وصول کیا جارہا ہے لہذا آندھرا پردیش کی گاڑیوں کو استثنیٰ نہیں دیا جاسکتا۔ انہوں نے بتایا کہ آندھرا پردیش کی گاڑیوں سے ٹیکس کی وصولی پر تلنگانہ کو 40کروڑ رکی آمدنی حاصل ہوگی۔

پیشگی جائیداد ٹیکس کی ادائیگی پر
ترغیبات
حیدرآباد۔ یکم اپریل، ( سیاست نیوز) بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے شہریان حیدرآباد کیلئے نئی اسکیم کا اعلان کیا ہے۔ جائیداد ٹیکس ادا کرنے والے شہریوں کیلئے ترغیبات پیش کی جائیں گی او ر مقررہ وقت سے قبل ٹیکس ادا کرنے پر رعایت کا وعدہ کیا ہے۔ بلدی کمشنر مسٹر سومیش کمار نے آج یہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سال 2015-16 کا جائیداد ٹیکس ماہ اپریل یعنی جاریہ ماہ 31تاریخ سے قبل ادا کرنے پر 5فیصد رعایت دی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ جائیداد ٹیکس کی رقم پر شرح سود کو معاف کرتے ہوئے جاری کردہ جی او سے حاصل بہترین نتائج کے بعد بلدی کمشنر نے اس طرح کی پیشکش کا اعلان کیا ہے۔