ایک خاندان کے نام پر 650 اسکیمات

پٹنہ ۔ 16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) عام انتخابات 2014ء کیلئے اپنی مہم کا رخ کانگریس پر کرتے ہوئے بی جے پی نے الزام عائد کیا کہ کانگریس نے اپنی اسکیمات کا فائدہ ایک خاندان کے نام پر کیا ہے۔ جواہر لال نہرو، اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کے نام سے کانگریس نے 650 اسکیمات شروع کی ہیں۔ نریندر مودی کی جانب سے شخصیات پر مبنی سیاست کرنے کی تنقید کا سامنا کرنے والی بی جے پی نے آج جواباً کانگریس کو نشانہ بنایا۔ بی جے پی کے سابق صدر ایم وینکیا نائیڈو نے عوامی نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کانگریس پارٹی ہی ہے جس نے اپنی تمام اسکیمات کو ایک خاندان کے نام معنون کیا ہے۔ ملک میں اٹھائے جانے والے ہر ترقی کے قدم کے ساتھ کانگریس کی شخصیات کو شامل کیا گیا۔ یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ ایک خاندان اس سے ہٹ کر ملک میں کوئی دوسرا اچھا لیڈر نہیں ہے۔ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ کانگریس نے تین شخصیتوں جواہر لال نہرو، اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کے نام پر 650 اسکیمات شروع کیں۔ نائیڈو نے وعدہ کیا کہ بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے حکومت کو اگر 2014ء عام انتخابات میں منتخب کیا گیا تو ان تمام 650 اسکیمات پر نظرثانی کرے گی اور ان کے نام تبدیل کرے گی۔