پوڈوچیری ۔ /25 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کانگریس پر شدید تنقید کی اور کہا کہ ملک میں ایک خاندان کی حکمرانی نے 48 سال کے دوران کچھ نہیں کیا ۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ اس خاندان کی حکمرانی کی 48 سالہ کارکردگی کا این ڈی اے حکومت کی 48 ماہ کی حکمرانی سے تقابل کرکے دیکھ لیں ۔ ایک خاندان نے راست یا بالواسطہ طور پر اس ملک پر 48 سال تک حکومت کی لیکن ملک کو کیا دیا۔ وزیراعظم مودی نے یہاں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف جواہر لال نہرو ، اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کی حکومتیں ہیں اور دوسری طرف این ڈی اے کی حکومت ہے جو اس سال ماہ مئی میں 48 ماہ پورے کررہی ہے ۔ دانشور لوگ ان دونوں کے درمیان فرق پر بحث کرسکتے ہیں اور یہ غور کرسکتے ہیں کہ اگر کانگریس حکومتوں اور بی جے پی کی حکمرانی نے ملک کو کہاں سے کہاں پہونچادیا ہے ۔ انہوں نے پوڈوچیری میں کانگریس حکومت پر تنقید کی اور کہا کہ اس مرکزی زیرانتظام علاقہ کو کانگریس حکومت نے کنگال بناکر چھوڑدیا ہے جہاں کوئی انفراسٹرکچر ہی نہیں ہے ۔