ایک حملہ آور سے انٹلیجنس سرویسس واقف تھی : وزیراعظم

تیونس ۔ 19مارچ۔(سیاست ڈاٹ کام) تیونس کے ایک میوزیم میں 19 سیاحوں کو جن دو بندوق برداروں نے گولی چلاکر ہلاک کیا، اُن میں سے ایک بندوق بردار سے انٹلیجنس سرویسس پہلے سے ہی واقف تھی ۔ تیونیشیا کے وزیراعظم نے آج یہ اہم انکشاف کیا البتہ بندوق برداروں کا کسی بھی دہشت گرد گروپ سے کسی رابطہ کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ نیشنل بارڈو میوزیم میں فائرنگ کا واقعہ گزشتہ کئی سالوں میں ہونے والا بدترین واقعہ ہے جس نے تیونیشیا کی نئی اور نازک جمہوریت کو شدید دھکا پہنچایا ہے ۔ تیونیشیا اپنے سمندری ساحلوں کیلئے بہت مشہور ہے اور اگر ایسے واقعات رونما ہوتے رہے تو سیاحتی صنعت شدید طورپر متاثر ہوگی کیونکہ اُس صورت میں کوئی بھی سیاح یہاں کا رُخ نہیں کرے گا ۔ فرانس کے آر ٹی آئی ریڈیو کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم حبیب الصید نے بتایا کہ تیونیشیا حملہ آوروں کا پتہ لگانے دوسرے ممالک کے ساتھ بھی مسلسل ربط میں ہے جن کی شناخت یٰسین لابیدی اور حاتم کاچنوئی کی حیثیت سے ہوئی ہے جنھیں میوزیم پر حملے کے فوری بعد سکیورٹی فورسیس نے مار گرایا تھا ۔