ایک اور اجتماعی قبر سے 500 نعشیں برآمد

بیروت،28نومبر (سیاست ڈاٹ کام) شورش زدہ شام میں حقوق انسانی کے شامی رضاکاروں نے رقہ شہر میں اجتماعی قبر میں مدفون 500 سے زائد نعشیں برآمد کی ہیں۔امریکی خبررساں ادارے کے مطابق رقہ کچھ عرصہ قبل داعش کی خودساختہ خلافت کامرکز تھا جہاں سے اب بھی انسانی باقیات ملنے کا سلسلہ جاری ہے ۔مقامی حکام کا کہنا تھا کہ مقامی گروہ اور امدادی رضاکار رقہ اور اس کے اطراف میں موجود اجتماعی قبروں میں مدفون نعشیں نکال رہے ہیں تا کہ ممکنہ جنگی جرائم کے مقدمے میں ثبوت کے لیے انہیں محفوظ کیا جائے ۔اس بارے میں ہیومن رائٹس واچ سے وابستہ سارا کیالی نامی رضاکار کا کہنا تھا کہ ہمیں وقت گزرنے کی رفتار سے تیز کام کرنا ہے کیونکہ نعشیں انتہائی تیزی سے بوسیدہ ہورہی ہیں۔واضح رہے کہ ایک سال قبل امریکی اتحادیوں کے فضائی اور زمینی حملے نے داعش کو رقہ سے انخلا پر مجبور کردیا تھا اس کے بعد سے اب تک امدادی رضاکار رقہ اور اس کے اطراف میں اجتماعی قبروں کی تلاش کررہے ہیں۔اب تک کم از کم 9 اجتماعی قبریں رقہ اور اطراف کے علاقوں میں برآمد ہوچکی ہیں جس میں امریکی اتحادی افواج کی فضائی کارروائی سے مرنے والے داعش کے جنگجوؤں اور شہریوں دونوں کی نعشیں شامل ہیں۔