ایکٹریس ثنا خان اور بوائے فرینڈ گرفتار

ممبئی ۔ 30 ۔ اکٹوبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : بالی ووڈ ایکٹریس ثنا خان ، اسکے بوائے فرینڈ اور اس کے گھریلو نوکر کو پولیس نے ایک میڈیا کنسلٹنٹ کی شکایت کے بعد گرفتار کرلیا ۔ جس نے شکایت کی تھی کہ تینوں نے اس کے ساتھ مجرمانہ حرکت کرتے ہوئے جنسی دست درازی کی بھی کوشش کی ۔ دریں اثناء سینئیر انسپکٹر اُمیش کھڈتارے نے بتایا کہ ثنا خان ، اسمعیل خاں اور ان کے گھریلو نوکر رامو کنوجیا کو میڈیا کنسلٹنٹ پونم کھنہ کی شکایت کے بعد گرفتار کیا گیا ۔ بعد ازاں انہیں عدالت میں پیش کیا گیا جہاں انہیں ضمانت مل گئی ۔ پولیس کے مطابق ثنا خان جو سلمان خان کی فلم جئے ہو میں بھی رول ادا کرچکی ہے اور 2012 میں بگ باس کا حصہ بھی رہ چکی ہے ۔ اپنے بوائے فرینڈ اسمعیل کے ساتھ پونم کھنہ کو 21 اکٹوبر کو ڈرایا دھمکایا ۔ کھنہ نے الزام عائد کیا کہ ان لوگوں نے اس کے ہاتھ موڑ دئیے اور اسمعیل نے اس کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے کی بھی کوشش کی ۔ ثنا خان اور اسمعیل کو شبہ تھا کہ پونم کھنہ نے ان دونوں کے متعلق کوئی خاص خبر کا میڈیا کے سامنے افشاء کیا ہے ۔ یہ واقعہ اندھیری میں واقع ایک ہاسپٹل کے قریب پیش آیا ۔ کھنہ وہاں چیک اپ کے لیے گئی تھی ۔ گھریلو نوکر رامو اسے گھسیٹتے ہوئے باہر لایا جہاں پہلے سے ٹھہرے ہوئے ثناء اور اسمعیل نے اس کو زد و کوب کیا اور دھمکیاں دیں ۔ پونم کھنہ کے خاندان کے بالی ووڈ شخصیتوں سے اچھے روابط ہیں ۔ لہذا فوری پولیس میں شکایت درج کروائی گئی ۔ اسمعیل خان بھی حالیہ دنوں خبروں میں تھا جس نے ایکٹر ساحل خان پر ایک جم میں حملہ کیا تھا ۔ اسے شبہ تھا کہ ثنا اور اس کے متعلق خبروں کا افشاء کرنے میں ساحل کا بھی ہاتھ ہے ۔۔