ایکس سرویس مین کی فلاح و بہبود پر توجہ دی جائے

ٹی آر ایس حکومت کو مرکزی وزیر بنڈارو دتاتریہ کا مشورہ
حیدرآباد۔ 28 اگست (این ایس ایس) مرکزی وزیر لیبر و روزگار بنڈارو دتاتریہ نے آج حکومت پر زور دیا کہ ریاست میں ایکس سرویس مین کی فلاح و بہبود پر توجہ دی جائے۔ 70 ویں یوم آزادی تقاریب کے سلسلے میں آج یہاں اندرا پریہ درشنی آڈیٹوریم، پبلک گارڈن، نامپلی میں منعقدہ ’’جئے جوان تلنگانہ اتسو‘‘ میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے بنڈارو دتاتریہ نے حکومت سے کہا کہ سابق فوجیوں اور جنگی بیواؤں کیلئے اراضی، امکنہ پلاٹس، قرضہ جات، خودروزگار اسکیموں جیسے فوائد فراہم کئے جائیں۔ انہوں نے ریاستی حکومت سے یہ بھی کہا کہ کارگل جنگ کے ہیرو پدمایانی آچاریہ کی بیوی چرولتا پدما یانی آچاریہ کو ٹائٹل ڈیڈ جاری کیا جائے حالانکہ سکندرآباد ایم پی کی حیثیت سے ان کی سابق ملیار کے دوران چرولتا کو ترملگری، سکندرآباد میں ایک پلاٹ الاٹ کیا گیا تھا۔ آنجہانی پدمایانی آچاریہ کا خاندان کو اس سائٹ پر مکان تعمیر کرنے کیلئے مالی مشکلات درپیش ہیں۔ انہوں نے ریاستی حکومت پر اس بات کے لئے بھی زور دیا کہ شہیدوں کی بیواؤں کو مفت بس پاسیس جاری کئے جائیں۔ جواہر نگر، ضلع رنگاریڈی میں 46 ایکر پر کوئی 900 ایکس سرویس مین کو امکنہ پلاٹس الاٹ کئے جائیں۔ مرکزی وزیر نے اس بات کا بھی تیقن دیا کہ وہ ان مسائل کو چیف منسٹر سے رجوع کریں گے۔ اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے تلنگانہ کے وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے سرحدوں پر بہادر جوانوں کی قربانیوں کو یاد دلایا۔ پی پرکاش راؤ، ریٹائرڈ ایر وائس مارشل نے اس تقریب کی صدارت کی۔ قبل ازیں بنڈارو دتاتریہ نے کارگل میموریل پریڈ گراؤنڈ ، سکندرآباد پر شہیدوں کو خراج ادا کیا۔